Live Updates

عمران خان غیر ملکی یہودیوں ، ہندوؤں اور سکھوں سے رقوم وصول کر تے اور یہ رقم پاکستان میں دھرنے ، احتجاج، چینی صدر کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرانے ، منتخب حکومت کا یلغار کے ذریعے تختہ الٹنے پر استعمال کر تے رہے،پرویز رشید

امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر غیر ملکیوں سے وصول کئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات موجود ہیں الیکشن کمیشن کی طرف سے اکبرایس بابر کی درخواست کا فیصلہ آنے پر حکومت اگلا قدم اٹھائے گی وزیراطلاعات کی دانیال عزیز اور پی آئی او راؤ تحسین علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو چور ، غدار اور پاکستان کے دشمنوں کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان غیر ملکی یہودیوں ، ہندوؤں اور سکھوں سے رقوم وصول کر تے رہے اور یہ رقم پاکستان میں دھرنے ، احتجاج، چینی صدر کے دورہ پاکستان کو منسوخ کرانے ، منتخب حکومت کا یلغار کے ذریعے تختہ الٹنے ، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کیلئے استعمال کرتے رہے اگر عمران خان دشمنوں کے آلہ کار نہیں تو مجھے عدالت لے کر جائیں امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر غیر ملکیوں سے وصول کئے گئے فنڈز کی تمام تفصیلات موجود ہیں عمران خان کے اس جرم کو تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست میں بے نقاب کیا الیکشن کمیشن کی طرف سے اس درخواست کا فیصلہ آنے پر حکومت اگلا قدم اٹھائے گی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کی شام مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز اور پی آئی او راؤ تحسین علی خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ دیکھنا ہو گا کہ الیکشن کمیشن اور عمران خان میں کیا گٹھ جوڑ ہے اور انہیں غیر ملکی فنڈز وصول کرنے کے باوجود 2013 کے الیکشن میں کیسے انتخابی نشان الاٹ ہوا ۔ پرویز رشید نے کہا کہ پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ کے تحت کسی بھی غیر ملکی ادارے ، حکومت یا سیاسی جماعت سے چندہ لے کر پاکستان میں سیاست کرنے کی ممانعت ہے ، تقریباً 13 ماہ پہلے تحریک انصاف کے ایک بنیادی رہنما ایس اکبر بابر نے الیکشن کمیشن میں ایک درخواست دی کہ تحریک انصاف نے امریکہ میں چند ہ جمع کیا اور اس چندے کی تمام تفصیلات امریکی حکومت کی ویب سائٹ پر موجود ہے اور اس چندے کو پاکستان میں دھرنے احتجاج ، چینی صدر کے صدر کے دورے کو منسوخ کرانے اور منتخب حکومت کا یلغار کے ذریعے تخت الٹنے ، اپنی انتخابی مہم چلانے ، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاؤس پر حملے کیلئے استعمال کیا الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے مطابق ہر سیاسی جماعت پر لازم ہے کہ وہ ہر سال اپنے فنڈز کی تفصیلات جمع کہ رقم کہاں سے آئی اور کہاں خرچ کی ، مسلم لیگ ن سمیت تمام جماعتیں اس کی پابندی کرتی رہی ہیں ۔

انتخابات میں انتخابی نشان حاصل کرنے کیلئے حلف نامہ داخل کرانا ہوتا ہے کہ انہوں نے کسی غیر ملکی سے کوئی فنڈز نہیں لئے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں حلف نامے بھی داخل کراتی ہیں اور الیکشن بھی لڑتی ہیں تحریک انصاف کے رہنما نے خود کہاہے کہ الیکشن کمیشن کو ایک ہفتہ قبل اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کروائیں پھر الیکشن کمیشن نے کیسے تحریک انصاف کو الیکشن لڑنے کی اجازت دی ۔

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے جرم کو کیوں چھپایا اور کیوں انتخابی نشان بلا کیوں الاٹ کیا ۔ اس سوال کا جواب عمران خان کوبھی دینا چاہئے کہ الیکشن کمیشن اور ان کا کیا گٹھ جوڑ ہے اور الیکشن کمیشن ان کے جرائم پر کیوں پردہ ڈال رہا ہے وہ الیکشن کمیشن جو صرف ایک دن میں عمران خان کے کہنے پر کسان پیکج کو روک دیتا ہے وہ عمران خان کے بیرون ملک سے کروڑوں ڈالر جمع کرنے کے باوجود کیسے الیکشن لڑنے کی اجازت دیتا ہے جبکہ درخواست 13 ماہ پہلے تحریک انصاف کے بانی رکن نے دی ہے اس درخواست پر 13 مہینے الیکشن کمیشن نے کیوں کارروائی نہیں کی۔

ان 13 مہینوں میں عمران خان کے وکیل بار بار تاریخیں لیتے رہے اور عمران خان تاریخوں کے پیچھے چھپتے رہے اور پھر عمران خان نے اپنا وکیل تبدیل کر دیا جنہوں نے پہلے بہانے شروع کر دیئے انہوں نے کہا کہ میڈیا نے تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کو نظر انداز کر دیا اس کو ٹاک شوز کا حصہ نہ بنایا اور خبریں نہ چھپیں بالآخر ہمارے ساتھ دانیال عزیز کو یہ پرچم اپنے ہاتھ میں لینا پڑا اور دانیال عزیز نے مختلف چینلز پر جا کر واویلا کیا ۔

تحریک انصاف کے لوگوں کے پاس اس کا کوئی نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جب میڈیا کے ذریعے اس کی توجہ دلائی گئی تو عمران خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن اس درخواست کوسننے کا اہل ہی نہیں مگر الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا کہ وہ یہ درخواست سننے کا اہل ہے ۔ پرویز رشید نے کہا کہ دھرنے کے دوران اس غیر ملکی چندے کی مقدار میں بھی اضافہ ہو گیا۔

اس وقت غیر ملکیوں کا فنڈ عمران خان پر بارش کی طرح برستا رہا ہے جو کہ پاکستان کی ترقی روکنے کیلئے استعمال ہوتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر قانونی طور پر انتخابات میں حصہ لیتے رہے 2013 کے الیکشن میں حصہ لینے کا حق عمران خان نے دھاندلی سے استعمال کیا تحریک انصاف کو غیر پاکستانی یہودیوں ، ہندوؤں اور سکھوں نے چندہ دیئے ۔ اس چندے کے ذریعے عمران خان نے پاکستان میں عدم استحکام کی کوششیں کیں ۔

عمران خان کی چوری کو تحریک انصاف کے بانی رکن نے اپنے ضمیر کی آواز پر بے نقاب کیا ۔ عمران خان وہ الزامات لگاتے ہیں جو پرویز مشرف لگاتے تھے مگر دس سال میں وہ انہیں ثابت نہ کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو سوالوں کے جواب دینے ہوں گے پاکستان کے عوام اس ریکارڈ کو دیکھیں جس میں غیر ملکی یہودیوں ، ہندوؤں ، سکھوں کے نام موجود ہیں جنہوں نے عمران خان کو فنڈز دیئے اور وصولی پر عمران خان کے دستخط ہیں یہ امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کا حصہ ہے یہودی لابی ہندو لابی سمیت پاکستان مخالف لابیوں سے عمران خان نے فنڈز وصول کئے ۔

انہوں نے کہا کہ صرف لاؤڈ سپیکر کی مد میں عمران خان کے 25 کروڑ روپے کا بل بنا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی پوری زندگی میں لاؤڈ سپیکر پر اتنے پیسے خرچ نہیں کئے وہ پیسے عمران خان کے پاس کہاں سے آرہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات اور دانیال عزیز نے امریکی ویب سائٹس سے حاصل کی گئی دستاویز ات کی فائل بھی میڈیا کو دکھائی ۔ دانیال عزیز نے مختلف نام پڑھ کر سنائے اور کہا کہ یہ تمام لوگ امریکہ میں جعل سازی، ٹیکس چوری اور دیگر معاملات میں ملوث رہے ہیں جنہوں نے عمران خان کو فنڈز دیئے ۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم الزامات نہیں لگا رہے دستاویزات امریکی دستاویزات کی ہیں انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن جو کسانوں کے منہ سے نوالہ چھیننے میں ایک منٹ نہیں لگاتا اس کا جواب دینا چاہئے کہ وہ عمران خان کے اس جرم کو کیوں چھپاتا رہا ہے ۔ اگر عمران خان جھوٹے اور چور نہیں ہیں تو انہیں اس کا جواب دینا چاہئے ان دستاویزات کے مطابق عمران خان چور ہے غدار ہے پاکستان کے دشمنوں کا آلہ کار ہے اگر وہ دشمنوں کا آلہ کار نہیں تو مجھے عدالت میں لے کر جائے پاکستان کے محب وطن عوام نے عمران خان کی سازش کو ناکام بنایا اگر عمران خان کامیاب ہو جاتا تو پاکستان کو کسی تباہی و بربادی کے حوالے کر دیا جاتا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس سازش میں کامیاب ہو جاتا تو ملک بھر میں طالبان کے دفاتر کھل جاتے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ کہاں جاتی ؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اس وجہ سے عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا اور ہری پور کے ضمنی الیکشن میں 39 ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔ دانیال عزیز نے کہا کہ یہ تمام دستاویزات امریکی جسٹس ڈیپارٹمنٹ پر موجود ہیں وہاں ’’فارا‘‘ کے نام سے موجود گروپ میں تمام تفصیلات موجود ہیں ۔

عمران خان نے غیر ملکی یہویوں ہندوؤں اور سکھوں سے پاکستان میں منتخب حکومت کو ہٹانے کیلئے فنڈز وصول کئے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری روکنے کیلئے یہ ایک سازش تھی یہ انصاف کیلئے نہیں ریاست پر حملے کیلئے آ ئے تھے امریکہ میں محمد ایم خان کے نام سے تحریک انصاف نے اکاؤنٹ کھولا پھر اس کی جگہ ایک اور نام سے اکاؤنٹ کھولا ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان الطاف حسین کو را کا ایجنٹ اور دوسری طرف انہیں مڈل کلاس کا نمائندہ اور اپنا ہم پلہ قرار دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پورے ملک کے وزیراعظم ہیں ان کیخلاف بد کلامی انتہائی قابل مذمت ہے ۔ تحریک انصاف کی طرف سے اب قبضہ گروپ الیکشن لڑتے ہیں ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی درخواست کی سماعت شروع کر دی ہے دانیال عزیز نے کہا کہ اس میں کروڑوں ڈالر شامل ہیں جو غیر ملکیوں سے اکٹھے کئے گئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن اس درخواست کا فیصلہ کرے گا تو پھر حکومت اگلا قدم اٹھائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا خاندان 1936 سے بزنس میں ہے ۔ 1970 ء میں ان کی صنعتوں کو قومی تحویل میں لے لیا گیا اس وقت تقریباً 20 ہزار لوگ اس صنعت سے وابستہ تھے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات