یونائٹیڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی الیکشن میں مخالف گروپ کو عبرتناک شکست دے گا،ایس ایم نصیر

میاں محمدادریس،عبدالرحیم جانو اور انکی ٹیم کے اراکین نے فیڈریشن کے اخراجات پر قابو پایا ہے،افتخار علی ملک

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ(یوبی جی) پنجاب کے چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر ایس ایم نصیر نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام چیمبرز اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز یو بی جی کو مکمل سپورٹ کررہی ہیں جبکہ سندھ ،بلوچستان اور کے پی کے سے بھی ہمارے گروپ کو مکمل اکثریت حاصل ہے،یونائٹیڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں دسمبر 2015میں ہونے والے ایف پی سی سی آئی کے سالانہ انتخابات میں مخالف گروپ کو عبرتناک شکست سے دوچار کریگا ۔

انہوں نے یہ بات وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت آمد کے موقع پرتاجروں کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کہی۔اس موقع پریو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک، فیڈریشن چیمبر کے صدرمیاں محمدادریس،نائب صدر حمید اختر چڈھا،سینیٹر عبدالحسیب خان،یو بی جی کے ترجمان گلزار فیروز اور وحید شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ایم نصیر نے کہا کہحکومت انرجی سیکٹر کے مسائل پرقابو پانے کیلئے بھرپور انداز میں کام کرر ہی ہے اور رواں مالی سال کے دوران 34ارب روپے انرجی سیکٹر کیلئے رکھے گئے ہیں جس سے عنقریب انرجی بحران دور ہوگا جبکہ ایف بی آر ایکسپورٹرز کے 120ارب روپے کے ریفنڈز فوری ادا کردے تو ملکی برآمدات میں بھی تیزی آسکتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ملک میں مجموعی طور پر امن وامان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ،پاکستان آرمی وزیرستان میں طالبان کے خلاف جو جنگ کررہی ہے اس سے شدت پسندی کا خاتمہ ہورہا ہے جبکہ کراچی میں بھی امن وامان کی صورتحال آئیڈیل ہے۔یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے اس موقع پرکہا کہ ایف پی سی سی آئی کے صدرکے طور پر میاں محمدادریس کی شکل میں بزنس کمیونٹی کو ایک لجنڈ میسر آیا ہے جس فیڈریشن کے اخراجات پر نہ صرف قابو پایا اور ماضی میں کی گئی لوٹ ماروکرپشن کا خاتمہ کیابلکہ آج ایف پی سی سی آئی کا خالی اکاؤنٹ پھر سے بھرنا شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی پر پہلے جو لوگ قابض تھے انہوں نے ادارے کو کنگال کردیا تھالیکن میاں ادریس،عبدالرحیم جونو اورانکی ٹیم کے دیگر اراکین نے احتساب کا عمل شروع کرکے مالی بحران میں مبتلا اس ادارے پر قابو پالیا ہے جبکہ حکومتی سطح پر بھی اب ایف پی سی سی آئی کو قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔۔انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے اپنے نئے صدارتی امیدوار عبدالرؤف عالم کو نامزد کیا ہے جو میاں محمدادریس کی بے مثال کارکردگی کے تسلسل کو مزید بہتر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدرمیاں محمدادریس نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی تاجروں اورحکومت کے مابین ایک مضبوط پل کا کردار ادا کررہا ہے،ہم نے تاجروں کے ود ہولڈنگ ٹیکس کے مسائل حل کرانے کیلئے مثبت کردار ادا کیاہے۔ میاں محمدادریس نے کہا کہ فیڈریشن چیمبر میں تبدیلی آچکی ہے اور بزنس کمیونٹی کی یونائٹیڈ بزنس گروپ کے لیڈران پر اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے کیونکہ ہم پورے پاکستان کے تاجرنمائندوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم نے کاروباری برادری کو انکاکھویا ہوا مقام واپس دلایا ہے اور اب تاجروں کو لاٹھی سے ہانکنے کا زمانہ گزر گیا،ہر فیصلے ڈرائنگ روم کے بجائے مشاورت سے کئے جارہے ہیں کیونکہ ہم نے احتساب کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔

گلزار فیروز نے کہا کہ ایس ایم منیر جیسے مزید لیڈرز پاکستان کو مل جائیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے، فیڈریشن چیمبر کے آئندہ انتخابات کیلئے ہمارا گروپ انتخابی تیاریاں کرچکا ہے اور جو بھی شکست اپنے دامن میں سمیٹنا چاہے وہ یو بی جی کے امیدوار عبدالرؤف عالم کا بخوشی مقابلہ کرسکتا ہے،الیکشن میں یوبی جی 100فیصد کامیابی حاصل کریگا۔

متعلقہ عنوان :