کروڑوں روپے کے فنڈز کے باوجود شہر کی سڑ کیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،حافظ نعیم الرحمن

عوام بجلی ،پانی ،ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی مسائل کا شکار ہیں،بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی عوام کے ساتھ ظلم ہے

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی میں سڑ کوں کی استر کاری کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز جاری ہو نے کے باوجود شہر میں جگہ جگہ سڑ کیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہو تا ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک طرف سڑ کوں کی استر کاری نہ ہونے کی وجہ سے سڑ کیں خستہ حالی کا شکار ہیں تو دوسری طرف صفائی ستھرائی نہ ہونے سے شہر میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں اور شہر کی حالت دن بدن خراب ہو تی جارہی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے عوام کے لیے بجلی ،پانی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کے ساتھ ساتھ بلدیاتی مسائل حل کر نے والا بھی کوئی موجو د نہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت اور متعلقہ شہری ادارے مجرمانہ غفلت اور لاپر واہی کا شکار ہیں ۔شہر میں بلدیاتی اداروں کا نہ ہو نا اور طویل عر صے سے بلدیاتی انتخابات کے التواء اور تعطل کے شکار رہنے سے کراچی مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے ۔بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہی شہریوں کے مسائل کا حل ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی خدمت اور عوامی مسائل کے حل کی جدو جہد کر رہی ہے اور عوام کی مشکلات اور مسائل کی مسلسل نشاندہی کر تی آرہی ہے ۔کراچی کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم و ناانصافی ہے اور جماعت اسلامی اس کے ظلم کے خلاف آواز بلند کر تی رہے گی اور عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی ۔