کمسن طالبعلم رضاارشد کے قتل اور صدمے سے اسکے والدکا انتقال المیہ ہے‘حمیدہ وحیدالدین

بچے کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے، متاثرہ خاندان کیلئے مالی امدادفراہم کی جائیگی، سرکاری رہائش کا بھی انتظام کیاجائیگا صوبائی وزیرحمیدہ وحیدالدین کمسن طالبعلم کے قتل اور اسکے والد کے انتقال پراظہار تعزیت کیلئے ان کے گھر گئیں‘فاتحہ خوانی کی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحید الدین گزشتہ روز منڈی بہاؤالدین گئیں اور زیادتی کے بعدکمسن طالب علم رضا ارشد کے قتل اور اس کے والد محمد ارشد کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔مقتول طالب علم کی والدہ سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے کے قاتل قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔

اس واقعے کے بعد سے میرا متاثرہ خاندان سے مسلسل رابطہ ہے۔ رضا ارشد ہمارا اپنا بچہ تھا۔ اس کے قتل کے بعد صدمے سے اسکے والد کا دنیا سے چلے جانا ایک المیہ ہے۔ پنجاب حکومت مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔بچے کے ساتھ درندگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا حکومت کا فرض ہے اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس ملزموں کے قریب پہنچ چکی ہے اور انہیں جلد پکڑلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف اس اندوہناک واقعے سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور پنجاب حکومت کی طرف سے متاثرہ خاندان کیلئے مالی امدادفراہم کی جائیگی۔ سرکاری رہائشگاہ کا بھی انتظام کیا جائیگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈی سی او منڈی بہاؤالدین مظفر خان سیال سے فون پر رابطہ کر کے سرکاری رہائش گاہ کی فراہمی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بچوں کو اپنی حفاظت کرنے کے حوالے سے آگاہی بیدار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ قصور کے واقعے کے بعد اگرچہ لوگوں میں کافی شعور پیدا ہوا ہے تاہم اس ضمن میں مناسب قانون سازی کیلئے پنجاب اسمبلی میں بھی آواز اٹھاؤں گی۔تعزیت کے لئے آنے والے اہل علاقہ نے مطالبہ کیا کہ جس قبرستان میں المناک واقعہ پیش آیا ہے اسکی دیوار چھوٹی کر کے جنگلہ نصب کیا جائے۔ جس پر صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :