پنجاب حکومت نے نویں اور دسویں جماعت کی14 نصابی کتب کو آن لائن فراہم کر دیاہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

پنجاب آئی ٹی بورڈ نے 0 4کہانیوں کی کتابیں اور15ٹیچرگائیڈز بھی اپ لوڈ کی ہیں‘چیئرمین آئی ٹی بورڈ

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) پنجاب حکومت کی تعلیم و تدریس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی پالیسی پر تیزی سے عمل درآمد ہو رہا ہے اور اب تک نویں دسویں جماعت کی14نصابی کتب، 40 کہانیوں کی کتابیں اور15ٹیچرگائیڈز آن لائن فراہم کی جا چکی ہیں۔ یہ بات پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے گذشتہ روز اپنے دفتر میں ایک اجلاس کے دوران بتائی۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال جنوری میں وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس مقصد کے لئے ای لرن پنجاب منصوبے کا افتتاح کیا تھا جس کے لئے صوبائی محکمہ تعلیم، ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ اور ٹیکسٹ بک بورڈ کا تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹائز ڈکتب درحقیقت حصولِ علم کا جدید ذریعہ ہیں جو نہ صرف بچوں کی دلچسپی میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ریاضی اور سائنس کے مشکل سوالات کو سمجھنے میں آسانی بھی مہیا کرتی ہیں جس کے لیے آن لائن کتابوں کے مواد کو ویڈیوز اور دیگر سمعی و بصری معاونات کے ذریعے آسان اور پُر کشش بنا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ لاہور کے ڈھائی سو کے قریب سرکاری سکولوں کی کمپیوٹر لیب میں یہ کتب انسٹال کی گئی ہیں جبکہ بچوں کو احسن طریقے سے سمجھانے کے لئے پنجاب کے 4ہزار اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ ، طلبہ ، والدین اور عوام الناس کی ان کتب میں دلچسپی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ ڈیڑھ سال کے عرصے میں اب تک ساڑھے چار لاکھ افراد ای۔لرن پنجاب کی ویب سائٹ کا مشاہدہ کر چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے اگلے مرحلے میں انٹرمیڈیٹ اور پہلی و دوسری جماعت کی کتب کو آن لائن کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی افادیت کے پیش نظر اب نجی سکول بھی ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :