پاک سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا،کورکمانڈرز کانفرنس کا عزم

فوجی قیادت کا افغانستان کی صورتحال اور افغان میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر تشویش کا اظہار

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:15

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاک سرزمین سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا،افغانستان کی صورتحال اور افغان میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا،مشرقی ومغربی سرحدی صورتحال اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کا اہم اجلاس جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوا،جس میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ اور تربیتی امور ، ملک کی داخلی و سرحدی سلامتی کی صورتحال ،آپریشن ضرب عضب میں جاری پیشرفت اورمشرقی ومغربی سرحدی صورتحال خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشنزپر غور کیا اور اِس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی وزیرستان ، کراچی اور دیگر علاقوں میں جاری آپریشنز کو منطقی انجام، دہشتگردوں اور انکے معاونین کو ہر قیمت پرکیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔

کور کمانڈر کانفرنس نے افغانستان کی صورتحال اور افغان میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ رویہ پر تشویش کا اظہار کیا تاہم مشرقی ومغربی سرحدی صورتحال اور کسی بھی درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :