حکومت کے تاریخی منصوبوں نے ملک کا چہرہ روشن اور عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ، مثبت پالیسیوں اور دلیرانہ فیصلوں کے سبب پاکستان کی دنیا میں اہمیت بڑھ گئی، اپوزیشن جماعتیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت پربے بنیاد الزامات عائد کر رہی ہیں جو ملک دشمنی کے مترادف ہے

(ن)لیگ سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجرکا بیان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:08

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ حکومت کے تاریخی منصوبوں نے ملک کا چہرہ روشن کر دیا ہے اور مسلم لیگ کی پالیسیوں نے عوام کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے جبکہ معقول اور مثبت خارجی، داخلی اور معاشی پالیسیوں اور دلیرانہ فیصلوں کے سبب پاکستان کی دنیا میں اہمیت بڑھ گئی ہے، حزب اختلاف کی جماعتیں بالخصوص تحریک انصاف قومی ترقی کے اس تاریخ ساز سفر پر خوش نہیں ہے اور مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی اختیار کر کے حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر الزامات عائد کر رہی ہے جو ملک دشمنی کے مترادف ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں شاید فراموش کر چکی ہیں کہ تین سال قبل تک پاکستان کنگال ہو چکا تھا، ناقص حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے دنیا میں تنہا ہو گیا تھا، دہشت گردی کے سبب کوئی پاکستان آنے یا یہاں سرمایہ کاری کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا تھا لیکن نواز شریف نے مسند اقتدار سنبھالتے ہی دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کو پہلی ترجیح قرار دیا اور پھر اقتصادی انقلاب برپا کر دیا کہ آج الحمد ﷲ ملک ایک پرامن ریاست قرار پایا ہے، دہشت گرد پناہیں ڈھونڈتے پھر رہے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لئے پاکستان کو بہترین ملک کا درجہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ تحریک انصاف اور اس کی قیادت غیر ملکی قوتوں کے اشاروں پر ناچ رہی ہے جو پاکستان کو ایک غلام اور بھکاری ملک کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں لیکن دشمنوں کی یہ خواہش خاک کا لقمہ بنے گی، دشمن اندرونی ہو یا بیرونی اسے خبر ہو کہ قوم اور اس کے بیٹے جاگ رہے ہیں اور وہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔