عوام کا خون چوس کر اپنے چہرے سرخ کرنے والے ظالم حکمران بھول گئے ہیں کہ اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے‘انگریز کے دور سے اپنا خون پسینہ ایک کر کے زمینیں آباد کرنے والوں کو آج تک مالکانہ حقوق نہیں مل سکے‘ بھارت سے آلو ‘پیاز اور ٹماٹر کی تجارت کرنے والے حکمران اپنے کسانوں کو کھیتی باڑی کی بنیادی سہولتیں دینے کو تیار نہیں‘ کسان ظالمانہ استحصالی نظام کیخلاف متحد ہو چکے ہیں‘وزیر اعظم کا کسان پیکج جھوٹ کا پلندہ ہے مسترد کرتے ہیں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا ساہیوال میں کسان لانگ مارچ ریلی سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 22:06

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کا خون چوس کر اپنے چہرے سرخ کرنے والے ظالم حکمران بھول گئے ہیں کہ اقتدار عوام کی امانت ہوتا ہے‘انگریز کے دور سے اپنا خون پسینہ ایک کر کے زمینیں آباد کرنے والوں کو آج تک مالکانہ حقوق نہیں مل سکے‘ بھارت سے آلو ‘پیاز اور ٹماٹر کی تجارت کرنے والے حکمران اپنے کسانوں کو کھیتی باڑی کی بنیادی سہولتیں دینے کو تیار نہیں‘ کسان ظالمانہ استحصالی نظام کیخلاف متحد ہو چکے ہیں‘وزیر اعظم کا کسان پیکج جھوٹ کا پلندہ ہے مسترد کرتے ہیں۔

وہ جمعرات کو یہاں کسان لانگ مارچ ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو اقتدار کے ایوان کو بہا کر لے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

لاکھوں کسان اور مزدور اس ظالمانہ استحصالی نظام کے خلاف متحد ہو چکے ہیں ۔ اس سے پہلے کہ وہ حکمرانوں کے محلات اور کارخانوں کا گھیراؤ کریں ان کے مطالبات تسلیم کرتے ہوئے انہیں بھی باعزت زندگی گزارنے کی سہولتیں مہیا کی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ انگریز کے دور سے اپنا خون پسینہ ایک کر کے زمینیں آباد کرنے والوں کو آج تک مالکانہ حقوق نہیں مل سکے۔ بھارت سے آلو ‘پیاز اور ٹماٹر کی تجارت کرنے والے حکمران اپنے کسانوں کو کھیتی باڑی کی بنیادی سہولتیں دینے کو تیار نہیں ۔ کھاد ‘بیج ‘ زرعی ادویات اور بجلی ‘ ڈیزل پر اٹھنے والے اخراجات فصل کی قیمت سے بھی زیادہ ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم کا کسان پیکج جھوٹ کا پلندہ ہے اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کو نہیں مانتے جہاں عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہ ہوں۔ کسان زکوۃ و عشر دینے کو تیار ہے لیکن سود کے نظام کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی پاکستان میں کسان خوشحال ہو گاتو ملک خوشحال ہو گا۔