Live Updates

عمران خان پاکستان دشمنوں کے آلہ کارہیں ، تحریک انصاف نے غیر پاکستانی ہندو ،سکھ اور یہودیوں سے چندہ لے کر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر نے کی کوشش کی ،عمران کی جماعت پاکستان دشمنوں کی فنڈنگ سے چلتی ہے ، امریکی حکومت کی ویب سائٹ پر ثبوت موجود ہیں ،دھرنے کے دوران چینی سرمایہ کاری کا اعلان ہوتے ہی بیرونی امداد بڑھ گئی ،چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے اعلان کے بعد کم ہو گئی ،عمران خان نے الیکشن 2013میں حصہ لینے کا حق دھاندلی سے حاصل کیا، یہ دھاندلی نہیں دھاندلہ ہے ، انصاف ملنے میں تاخیر کا واویلا کر نے والے خود تاریخیں لے کر چلتے رہے،ا لیکشن کمیشن نے 13ماہ سے دائر پٹیشن کو میڈیا میں آنے سے قبل کیوں نہ سنا؟ اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کیوں جاری کیا گیا،عمران خان کے جرائم پرپردہ پوشی کی جارہی ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا دانیال عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے عمران خان کو پاکستان دشمنوں کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے غیر پاکستانی ہندو ،سکھ اور یہودیوں سے چندہ لے کر پاکستان میں عدم استحکام پیدا کر نے کی کوشش کی ،انکی جماعت پاکستان کے دشمنوں کی فنڈنگ سے چلتی ہے ،جس کا ثبوت امریکی حکومت کی ویب سائٹ پر موجود ہے ،دھرنے کے دوران چینی سرمایہ کاری کا اعلان ہوتے ہی بیرونی امداد بڑھ گئی اور چینی صدر کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے اعلان کے بعد امداد کم ہو گئی ،عمران خان نے الیکشن 2013میں حصہ لینے کا حق دھاندلی سے حاصل کیا، جو دھاندلی نہیں دھاندلہ ہے ، انصاف ملنے میں تاخیر کا واویلا کر نے والے خود تاریخیں لے کر چلتے رہے،ا لیکشن کمیشن نے 13ماہ سے دائر پٹیشن کو میڈیا میں آنے سے قبل کیوں نہ سنا؟ الیکشن کمیشن نے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کیوں جاری کیا،عمران خان کے جرائم پرپردہ پوشی کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ کے بارے میں13ماہ قبل الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کی ،مگر پی ٹی آئی کے وکلاء اس حوالے سے بار بار تاریخیں لیتے رہے ، اور حیلے بہانے کر تے ہوئے اس معاملے کو لٹکاتے رہے،انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن جو ایک دن میں عمران خان کے کہنے پر کسانوں کیلئے اعلان کردہ پیکج روک سکتا ہے اس الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے بانی رہنماکی پٹیشن کو کیوں لٹکایا؟اور آج جب الیکشن کمیشن نے انکی پٹیشن کو سننے کا جائز قرار دینے کا فیصلہ کیا تو پھر پی ٹی آئی کے وکلاء نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اختیار ہی نہیں کہ وہ یہ سن سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پولیٹیکل ایکٹ میں سیاسی جماعتوں کوغیر ملکیوں سے فنڈنگ لینے کی ممانعت ہے، الیکشن سے قبل اپنا انتخابی نشان حاسل کر نے کیلئے ہر سیاسی جماعت پر اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا لازم ہے، سیاسی جماعتیں غیر ملکیوں سے فنڈنگ نہ لینے کا سرٹیفکیٹ بھی جمع کراتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات نے ٹی وی پر اعتراف کیا کہ پارٹی اکاؤنٹس کی تفصیل ایک ہفتہ قبل جمع کرائی گئی۔ پرویز رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کیوں جاری کیا، الیکشن کمیشن نے اپنے اصولوں کی خلاف ورزی کیوں کی،اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عمران خان نے الیکشن 2013میں حصہ لینے کا حق دھاندلی سے حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے باہر سے کروڑوں ڈالر جمع کرنے کے باوجود الیکشن کمیشن ان کو کیسے نشان الاٹ کرتا ہے، 13 ماہ سے حیلے بہانوں سے عمران خان کے جرم پر پردہ ڈالا جا تارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کی خلاف ورزی کے باوجود الیکشن کمیشن نے عمران خان کو کیوں اجازت دی، عمران خان کے چینی صدر کو رکوانے کیلئے دھرنا دیا، عمران خان کی جماعت غیر ملکیوں کی فنڈنگ سے چلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آج تسلیم کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کا کیس سنے گا۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تحریک انصاف کو بیرون ملک سے یہودیوں ، ہندوؤں اور سکھوں سے فنڈنگ ملی، عمران خان نے غیر ملکیوں سے لیا گیا چندہ الیکشن کمیشن اور عوام سے چھپایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی چوری کو پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے بے نقاب کیا، عمران خان کو چندے کے بارے میں تمام سوالوں کا جواب دینا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی محکموں میں عمران خان نے فنڈنگ کی وصولی کا اعتراف کیا، عمران خان نے دھاندلی سے 2013 کے الیکشن میں حصہ لینے کا حق لیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ ثبوت عوام کو دکھا رہے ہیں جو عمران خان نے امریکی محکمہ انصاف میں جمع کرائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نے اپنے آپ کو بچانے کیلئے کبھی تاریخیں لیں اور کبھی وکیل تبدیل کرلئے، الزام خان کے چہرے کو عیاں کرنے کا پرچم دانیال عزیز نے اٹھایا، اکبر بابر کو حقائق سامنے لانے کیلئے 13 ماہ جدوجہد کرنا پڑیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے میں صرف لاؤڈ سپیکر کا بل 25کروڑ روپے تھا، عمران خان پاکستان دشمنوں کے آلہ کار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان دشمنوں سے پیسے جمع کئے، محب وطن عوام نے پاکستان دشمنوں کے عزائم ناکام بنا دیئے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات