پیپلز پارٹی کے کسی رہنماء نے آصف زرداری کوقیادت چھوڑنے کا نہیں کہا،نندی پور میں اندھیرے ختم نہیں ہوئے،کوئی حاجی لاپتہ ہوتا ہے تو بارہ گھنٹے میں مل جاتا ہے

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:46

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کسی رہنماء نے آصف علی زرداری کوقیادت چھوڑنے کا نہیں کہا،نندی پور میں اندھیرے ختم نہیں ہوئے،کوئی حاجی لاپتہ ہوتا ہے تو بارہ گھنٹے میں مل جاتا ہے۔ وہ جمعرات کو ملتان میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سید خورشید شاہ نے کہا کہ نندی پورپراجیکٹ 22ارب روپے سے 80ارب روپے تک چلا گیا ہے،وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ آج سے اندھیرے ختم ہو گئے،مگر ابھی تک اندھیرے ختم نہیں ہوئے بلکہ نندی پور میں پہلے سے زیادہ اندھیرا چھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کسی بھی رہنماء نے سابق صدرآصف علی زرداری کوپیپلز پارٹی کی قیادت چھوڑنے کا نہیں کہا۔ سانحہ منیٰ میں گمشدہ حاجیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں سید خورشید شاہ نے کہا کہ کوئی حاجی لاپتہ ہوتا ہے تو وہ بارہ گھنٹوں کے دوران مل جاتا ہے، حکومت پاکستان اور سعودی حکومت مل کر ان کو تلاش کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسان پیکج پہلے ہی بجٹ میں دے دیا گیا تھا اب تو صرف کسانوں کوخوش کیا جا رہا ہے۔ صحافی کے سوال پوچھنے پر سید خورشید شاہ سخت برہم ہو گئے اور انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ میں یہاں پر کوئی بحث کرنے نہیں آیا۔