Live Updates

عمران خان کو وزیراعظم بارے نازیبا زبان استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے ، ان کے پاس نندی پور پاور اور قائد اعظم سولر پارک میں کرپشن کے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ،عمران خان کی جماعت کو بیرون ملک سے فنڈنگ ہوتی ہے،غیر ملکی فنڈنگ کا عمران خان کو جواب دینا پڑے گا

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کاعمران خان کے بیان پرردعمل کااظہار

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماء اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم کے بارے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کرنے پر شرم آنی چاہیے ، عمران خان کے پاس نندی پور پاور پراجیکٹ اور قائد اعظم سولر پارک میں کرپشن کے حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو پیش کریں،عمران خان کی جماعت کو بیرون ملک سے فنڈنگ ہوتی ہے، اقوام متحدہ کے ادارے فارا کی ویب سائیٹ پر بیرونی فنڈنگ کی دستاویزات موجود ہیں، کیلیفورنیا کے رہائشی اندل گوپال، بھارتی رہائشی اجیت بھانوت اور اندر دوسانج نے تحریک انصاف کو فنڈز فراہم کئے،غیر ملکی فنڈنگ کا عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔

وہ جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کے حوالے سے دستاویزات امریکی محکمے نے جاری کئے، اقوام متحدہ کے ادارے فارا کی ویب سائیٹ پر بیرونی فنڈنگ کی دستاویزات موجود ہیں، کیلیفورنیا کے رہائشی اندل گوپال، بھارتی رہائشی اجیت بھانوت اور اندر دوسانج نے تحریک انصاف کو فنڈز فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندر گوپال کی کمپنی دیوالیہ ہونے کے باوجود تحریک انصاف کو فنڈز فراہم کرتی رہی، تحریک انصاف کو بیرون ممالک سے فنڈنگ ایک حقیقت ہے،اس غیر ملکی فنڈنگ کا عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ دستاویزات میں گھوسٹ اکاؤنٹس ہیں،جو امریکہ کے شہری ہی نہیں ہیں وہ وہاں رقم کیسے بھجوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، پاکستان کی معیشت کو غیر مستحکم کرنے کیلئے ملک دشمنوں نے تحریک انصاف کو فنڈنگ کی،بیرون ملک سے فنڈنگ الیکشن کمیشن، حکومت اور تمام اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم پاکستان کے بارے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کرتے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے پاس نندی پور پاور پراجیکٹ اور قائد اعظم سولر پارک میں کرپشن کے حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات