پاکستان میں انسانی حقوق کمیشن کا قیام خوش آئندہے، بھرپور تعاون کریں گے،یورپی یونین

حکومت نے مجھے جو ذمہ داری سونپی ہے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے،جسٹس (ر) علی نواز چوہان یورپی یونین کے نامزد سفیر جین فرانکوئس کاٹین کی انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) علی نواز چوہان سے گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:30

اسلام آباد ۔08 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) یورپی یونین نے پاکستان میں انسانی حقوق کے بارے میں قومی کمیشن کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس (ر) علی نواز چوہان سے گزشتہ روز ملاقات کے دوران پاکستان میں یورپی یونین کے نامزد سفیر جین فرانکوئس کاٹین نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک کی زبردست خواہش تھی کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے معاملات کو دیکھنے کیلئے الگ ادارہ قائم ہو۔

پاکستان کی پارلیمنٹ نے اس ادارہ کے قیام میں اہم پیشرفت کر کے صحیح سمت میں بڑا قدم اٹھایا ہے۔ یورپی یونین کے سفیر جین فرانکوئس کاٹین نے امید ظاہر کی کہ حکومت پاکستان، انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کو فعال ادارہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توقع ہے یہ ادارہ عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ہم اس ادارے کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہیے ہیں۔ چیئرمین انسانی حقوق کمیشن جسٹس (ر) علی نواز چوہان نے یورپی یونین کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی پر معزز سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی پارلیمنٹ نے کمیشن قائم کر کے عوام کا بنیادی مطالبہ پورا کیا ہے حکومت نے مجھے جو ذمہ داری سونپی ہے میں نے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا ہے۔ اس ادارے کو فعال اور موثر ادارہ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے یورپی یونین کی طرف سے کمیشن کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی یقین دہانی پر یورپی یونین اور معزز سفیر کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :