حافظ احمدعلی نے یوسی 2گلشن سعید سے کاغذات نامزدگی داخل کرادیئے

الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود نئی حلقہ بندیوں پر کاغذات نامزدگی وصول کررہاہے،حافظ احمدعلی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری حافظ احمدعلی نے یوسی2گلشن سعید سے چیئرمین کی نشست کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرادیئے، حافظ احمدعلی مذکورہ یوسی سے سٹی ناظم نعمت اﷲ خان کے دورمیں بھی ناظم منتخب ہوچکے ہیں۔کاغذات نامزدگی داخل کرانے کے بعد ڈی سی آفس میں موجود صحافیوں اور کارکنان سے گفتگوکرتے ہوئے حافظ احمدعلی نے کہاکہ یوسی 2سے ایک بارپھر کامیاب ہوکر قوم کی خدمت کریں گے، انہوں نے کہاکہ کراچی کو ایک بارپھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے، جمعیت علماء اسلام کے امیدوار عوام کی خدمت اور شہر کی ترقی کے لئے میدان میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے موجودہ حلقہ بندیوں کو کالعدم قراردیئے جانے کے باوجو دانہی حلقوں کے مطابق کاغذات نامزدگی کی وصولی حیرت انگیز ہے، الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کررہاہے جس کے خلاف عدالت جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے حمایت کرنے پر جے یوپی، جے یوآئی، جماعت اسلامی، تحریک انصاف، ن لیگ، پیپلزپارٹی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ان جماعتوں کا مشکورہوں جنہوں نے حمایت کی اور میرے مقابلے میں اپنے امیدوار نہیں کھڑے کئے۔انہوں نے کہاکہ انشاء اﷲ کامیاب ہوکر مل کر شہر کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کریں گے۔