پیپلز پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کا سلمان تاثیر قتل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اطمینان کااظہار

سلمان تاثیر نہ صرف گورنر پنجاب تھے بلکہ وہ ایک دانشور مدبر ،صحافی اور مایہ ناز چارٹر اکاؤنٹنٹ بھی تھے، ارکان قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی عبدالستار بچانی‘ پیر نور محمد شاہ جیلانی اور ملک اسد سکندرنے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور گورنر پنجاب سلمان تاثیر قتل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے اطمینان کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلمان تاثیر نہ صرف گورنر پنجاب تھے بلکہ وہ ایک دانشور مدبر ،صحافی اور مایہ ناز چارٹر اکاؤنٹنٹ بھی تھے۔

انہوں نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی آئین اور قانون کی حکمرانی کیلئے لازوال جدوجہد کی وہ ہمیشہ ملک سے غربت بیماری ،جہالت کے خاتمے اور بالخصوص مذہبی انتہا پسندی کے خلاف ہمہ تن مصروف رہتے تھے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری کئے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ سلمان تاثیر اور ان کے آباؤ اجداد نے ہندوستان کے مسلمانوں کیلئے بے مثال قربانیاں دیں۔

(جاری ہے)

ہندوستان کے مسلمانوں کی آزادی جدوجہد کے عظیم رہنما غازی علم دین شہید کو جدوجہد کی پاداش میں انگریز نے پھانسی کی سزا کا حکم سنایا اور پھانسی دی تو کوئی ملا انگریز کے ڈر کی وجہ سے غازی علم دین شہید کا جنازہ تک پڑھنے کیلئے تیار نہ تھا اس وقت سلمان تاثیر کے والدڈاکٹر محمد دین تاثیر نے غازی علم دین شہیدکا جنازہ پڑھایا اور ان کی میت اٹھانے کیلئے اپنے گھر سے چار پائی لاکر فراہم کی جس پر ان کا جنازہ اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلمانان ہند اور بالخصوص پاکستان کے مسلمان تاثیر خاندان کی جدوجہد اور قربانیوں کو نہیں بھول سکتے۔ لیکن نام نہاد ملا آج فخرسے اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے سلمان تاثیر کو قتل کیا جو قابل شرم بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی، خود کشی دھماکے، ٹارگٹ کلنگ، تشدد، عدم برداشت اور انتہا پسندی ختم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اس کی روح کے مطابق فوری عمل کیا جائے۔