سود کی اجازت دینے والوں کی پکڑ آخرت میں سود لینے اور دینے والوں سے زیادہ ہوگی ،امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کا ضلع پشاور کے شوریٰ کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 21:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ سود کی اجازت دینے والوں کی پکڑ آخرت میں سود لینے اور دینے والوں سے زیادہ ہوگی۔ آئین اور قانون درسی کتابوں کی طرح نہیں ہوتے کہ ہر کوئی اپنی مرضی کے مطابق اسے یاد کرتا رہے ۔حکومتیں اور عدالتیں اس لئے بنائی جاتی ہیں کہ وہ مواخذے کو آخرت کا مسئلہ قرار دینے کی بجائے لمحہ موجود میں قانون اور آئین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ اس دنیا میں انسانیت فلاح و بہبود پاسکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور کے علاقے زور گڑھی شاہندہ میں سابق صوبائی وزیر برائے زکوٰۃ وعشر حافظ حشمت خان کے حجرے میں جماعت اسلامی ضلع پشاور کے شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، سیکرٹری سیاسی امور بحر اﷲ خان بھی خصوصی طور پر شریک تھے۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان کررہے تھے۔

اجلاس میں ضلع پشاور کے نومنتخب اراکین شوریٰ نے حلف اٹھایا۔ اجلاس میں 20اکتوبر کو ہونے والے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے پشاور کے ایک روزہ تفصیلی دورے کی منصوبہ بندی کی گئی اور شیخ الحدیث و القرآن مولانا محمد یوسف قریشی اورجماعت اسلامی کے بزرگ رہنما محمداعظم خان چشتی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کے لئے بھی منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ اﷲ نے قرآن پاک میں سود کے حوالے سے واضح طور پر ارشاد فرمایا ہے کہ جو سود لیتا اور دیتا ہے وہ اﷲ کے ساتھ جنگ کے لئے تیار ہوجائے۔

سود کے حق میں فیصلہ دینے والے سود لینے اور دینے والوں سے زیادہ گناہگار ہیں۔آخرت میں سود لینے اور دینے والوں سے تو باز پرس ہوگی ہی اس پر آنکھیں بند کرنے والے بھی اﷲ کے عذاب سے نہیں بچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دینی تحریک ہے اور ہمارا مقصد ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ جس کے لئے جماعت اسلامی بھر پور جدوجہد کررہی ہے۔

ہم پاکستان کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع پشاور کے امیر صابر حسین اعوان نے کہا کہ ملک اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی قوتیں ملک کی خاطر اکھٹی ہوں اور پاکستان کو درپیش چیلینجز کا اتحاد واتفاق کے ساتھ سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا نعرہ اسلامی پاکستان ، خوشحال پاکستان عوام میں مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جمہوری جماعت ہے اور اس کے فیصلے فرد واحد کے بجائے اس کے پالیسی ساز ادارے کرتے ہیں اوراس کی قیادت نیچے سے اوپر تک ووٹ کی پرچی کے ذریعے منتخب ہوکر آتی ہے۔