بلدیاتی امیدوار کمر کس لیں، بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے،کالا باغ ڈیم کی تعمیر کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا، گورنر پنجاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 20:28

لاہور۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی امیدوار کمر کس لیں، بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے،کالا باغ ڈیم ضرور تعمیر ہونا چاہئیے ، ڈیم کی تعمیر کے لئے قربانی کا جذبہ ذہن میں رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا،ججوں کو ڈرانے ، دھمکانے اور ملزمان چھڑانے والے وکلاء کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی اچھی بات ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہاوس لاہور میں پنجاب بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین ملک غلام عباس نسوانہ کی سربراہی میں ضلع چنیوٹ اورتحصیل لالیاں بار کے وکلاء کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملک غلام عباس نسوانہ نے گورنر پنجاب کوبار ایسوسی ایشنزکے فنڈز جلد جاری کرنے کی سفارش کرتے ہوئے گورنر کو وکلاء کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کو فنڈز کی فوری فراہمی میں قانونی رکاوٹ موجود ہے جسے دور کرنے کے لئے سفارشات بھجوا دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاء کے تمام مسائل سے آگاہ ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا ،گورنر پنجاب نے چنیوٹ اور لالیا ں کے جوڈیشل کمپلیکس کی جلد تعمیر کے لئے موقع پر احکامات صادر کئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جلد پنجاب کی ہر تحصیل بار کا دورہ کریں گے۔گورنر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملکی معیشت اور زراعت کی ترقی کے لئے نہایت ضروری ہے،کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لئے قربانی کا جذبہ ذہن میں رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے، انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کمر کس لیں اور اپنی تیاری مکمل رکھیں۔رفیق رجوانہ نے کہا کہ معاشرے میں پولیس کی زیادتیوں اور اداروں کی کرپشن کے خلاف وکلاء اپنا کردار ادا کریں۔ججوں کو ڈرانے ،دھمکانے اور ملزمان چھڑانے والے بعض وکلاء کے فعل سے وکالت کا پیشہ بدنام ہو ر ہا ہے ایسے وکلاء کے خلاف بار کونسل کی جانب سے قانون کے مطابق کی جانے والی کارروائی وقت کی ضرورت ہے۔