آبادی کے تناسب سے صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں‘ جام مہتاب حسین ڈہر

جمعرات 8 اکتوبر 2015 20:28

کراچی ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ آبادی کے تناسب کی بنیاد پر لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور صوبہ سندھ میں ضلع کی سطح پر صحت کی سہولیات کا نظام دیگر صوبوں کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ یہ بات انہوں نے غذائی سیل کے کلفٹن دفتر میں یو ایس ایڈ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

یو ایس ایڈ ایس ایس کی چیف آف پروگرام ڈاکٹر نبیلہ علی نے صوبائی وزیر صحت کو پروگرام کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت صوبہ سندھ کے 15 اضلاع میں زچہ و بچہ کی صحت اور غذائیت کی بہتری پر کام کیا جا رہا ہے۔ جام مہتا ب حسین ڈہر نے صوبہ سندھ کی عوام کے لئے یو ایس ایڈ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ سندھ کے 15 اضلاع میں زچہ و بچہ کی صحت کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ یوایس ایڈ کے تعاون سے ضلع کی سطح پر صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے 502 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایڈ کے تعاون سے ٹھٹھہ، ٹنڈو الہیار ،دادو، تھرپارکر، خیرپور، عمر کوٹ، نوشہروفیروز، سکھر، شکارپور،میرپور خاص،مٹیاری، گھوٹکی اور لاڑکانہ کے اضلاع میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے اور محکمہ صحت کے اقدامات کے باعث صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔