محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پیروی کی جائے ‘ڈی سی او اٹک

جمعرات 8 اکتوبر 2015 20:26

اٹک۔08 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اللہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پیروی کروائی جائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہا ڈی سی او آفس اٹک میں محرم الحرام کے سلسلے میں منعقدہ اہم اجلاس میں سیکورٹی پلان کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔ ڈی سی او اٹک چوہدری حبیب اللہ، ڈی پی او اٹک کپٹن ریٹائرڈ عطا محمدخان ، ضلع بھر سے آئے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز، اور امن کمیٹیوں کے ممبران کے علاوہ ایس ڈی پی او ز بھی اجلاس میں موجود تھے۔

ڈی پی او اٹک عطا محمد نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تمام مجالس اور جلوسوں کا داخلی و خارجی راستہ ایک ہی رکھا جائے گا اور مقررہ روٹس اور اوقات کی سختی سے پابندی لازم قرار دی گئی ہے،ضلع بھر میں کسی بھی نئے مجلس یا جلوس کے انعقاد کی ہر گز اجازت نہیں ہوگی۔

جلسہ یا جلوس میں نعرے بازی ، اسلحہ کی نمائش، جلوس کے راستے پر موجود چھتوں کے استعمال اور وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے،ڈی پی او اٹک نے بتایا کہ لاوٴڈسپیکر اور جلوس کے راستے پر موجود دکانیں کھولنے پر بھی پابندی ہوگی۔ فوج اور رینجرز کے دستے بھی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تمام جلوس و مجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جائے گی، جلوس کے شرکاء کو مکمل جامہ تلاشی کے بعد جلوس میں شرکت کی اجازت دی جائے گی۔

جلوس کے ملحقہ راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا۔ جلوس کے راستوں پر موجود عمارتوں کی چھتوں کا استعمال ممنوع ہوگا۔ جلوس کا خارجی اور داخلی راستہ ایک ہوگا جہاں شرکت کرنے والوں کو میٹل ڈیٹکٹر اور سکینرز کی ذریعے چیک کیا جائے گا،سیکورٹی اداروں کے علاوہ کسی کو بھی اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی،اس موقع پرضلع بھر کے ٹی ایم اوز کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلوس کے راستوں کی صفائی ، بجلی کی فراہمی، راستوں پر موجود بلڈنگ میٹریل کی ہٹانے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔

علاوہ ازیں مجالس اور جلوس کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل روشنی کا انتظام کیا جائے،انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ محرم الحرام کے دوران ڈی سی او آفس اٹک میں کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور متعلقہ محکموں کا ایک ایک نمائندہ موجود ہوگا۔

متعلقہ عنوان :