ہولناک زلزلے کی دسویں برسی پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام دعائیہ تقریب کا انعقاد ،شہداء کیلئے دعا کی گئی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) 8اکتوبر کو ہونیوالے ہولناک زلزلے کے دس سال مکمل ہونے پر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات،اساتذہ اور انتظامیہ سمیت تمام افراد نے شرکت کی اور 8اکتوبر کو شہید ہونیوالے افراد کے لیئے دعا کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رفاہ یونیورسٹی کے ایگزیکیٹو ڈائیریکٹر اسد اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان لوگوں کی یاد دلاتا ہے جو 8اکتوبر کے ہولناک زلزلے میں لقمہ اجل بن گے ،ہزاروں گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے،لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ۔

ہمیں ان سب لوگوں کو یاد رکھنا چاہیے جو اس ہولناک زلزلے سے متاثر ہوئے ،اس موقع پر انہوں نے8 اکتوبر کے زلزلے کے بعد رفاہ یونیورسٹی کی جانب سے کیئے گئے انتظامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات اور دیگر سانحات کے موقع پر رفاہ یونیورسٹی ہمیشہ لوگوں کے دکھ درد میں پیش پیش رہی ہے اور رہے گی ۔