قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری کا پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کا دورہ

نیب میں جدید خطوط پر نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کے تربیتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:57

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے جمعرات کو پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کا دورہ کیا اور یہاں نیب میں جدید خطوط پر نئے بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن افسران کے تربیتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ڈی جی ٹریننگ ڈویژن نیب نے انہیں 2015ء میں بھرتی ہونے والے انوسٹی گیشن آفیسران کے تربیتی پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گریڈ 16 سے 18 تک بھرتی ہونے والے 110 انوسٹی گیشن آفیسران کا بنیادی انڈیکشن کورس پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں ہو رہا ہے۔

چیئرمین نیب کو بتایا گیا کہ اس سے قبل ہونے والے کورس کی جزئیات تمام ریجنل نیب اور نیب ہیڈ کوارٹر کے ڈویژن اور ونگز کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ ان کا موقف یا فیڈ بیک جانچا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس مشق کے نتیجے میں حاصل ہونے والے فیڈ بیک کو مدنظر رکھتے ہوئے کورس کے جزئیات کو ازسر نو مرتب کیا گیا ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے، حکومتی امور نمٹانے والے، قانون، تحقیقات، وائٹ کالر کرائم اور حفاظتی اقدامات کے ٹریننگ موڈیولوز سے شرکاء کو آگاہی حاصل ہو سکے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ ہر رینک کے آفیسر کی استعداد کار بڑھانے کیلئے تربیت ایک اہم جزو ہے اس کے ان افسران کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ تربیت کے ذریعے انسانی صلاحیتوں کی ترقی اور عملی اور سودمند کاوشوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو ملک سے بدعنوانی اور کرپشن کے خاتمے اور اس کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی قومی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب میں بھرتی ہونے والے نئے انوسٹی گیشن آفیسران کا تقرر خالصتاً شفاف عمل کے ذریعے میرٹ پر کیاگیا ہے۔ انہوں نے نئے بھرتی ہونے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے تربیتی پریڈ کے دوران محنت کو اپنا شعار بنائیں کیونکہ نیب کے ساتھ کام نہ صرف ان کی ملازمت بلکہ ایک قومی فریضہ ہے۔ بعد ازاں چیئرمین نیب نے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کے ہاسٹل اور کیفٹریا سمیت دیگر سیکشنز کا دورہ کیا اور نیب کے انوسٹی گیشن آفیسران کے پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام کیلئے کئے گئے انتظامات کو سراہا۔ آخر میں پولیس ٹریننگ کالج سہالہ کے کمانڈنٹ سہیل حبیب تاجک نے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو سوینئر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :