گزشتہ برس پولیو سے بچاؤ کی 18 اضافی سرگرمیوں کے ذریعے 26 کروڑ 70 لاکھ بچوں کو ویکسین دے کر 99 فیصد کوریج کی گئی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:52

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم کے پولیو مانیٹرنگ و کوآرڈینیشن سیل نے ملک بھر میں گزشتہ برس پولیو سے بچاؤ کی 18 اضافی سرگرمیوں کے ذریعے 26 کروڑ 70 لاکھ بچوں کو ویکسین دے کر 99 فیصد کوریج کی۔ سال کے دوران ہونے والی ان اضافی سرگرمیوں میں ویکسین کے پانچ قومی دن، 4 سب نیشنل امیونائزیشن، ایام (ایس این آئی ڈیز) اور 9 مختصر دورانیہ کی اضافی ویکسین (ایس آئی اے ڈیز) شامل ہیں۔

وزیراعظم سیل کی طرف سے 2013ء میں 15 اضافی پولیو ویکسین کی مہمات چلائی گئی تھیں جن میں 25 کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین دے کر 104 فیصد کوریج کو یقینی بنایا گیا تھا۔ وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ جون 2011ء میں وزارت صحت کی صوبوں کو منتقلی کے بعد تمام صوبوں اور فریقین کے ساتھ رابطہ کے لئے مرکزی سطح پر ایک ادارے کی ضرورت تھی تاکہ پولیو مہمات و آگاہی کو مرکزی سطح پر مانیٹر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزیراعظم دفتر میں مانیٹرنگ و کوآرڈینیشن سیل قائم کیا گیا جو ہنگامی اقدامات کے لئے اعلیٰ تکنیکی ادارہ کے طور پر کام کر رہا ہے جس کا انتظام مئی 2013ء میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشن و کوآرڈینیشن کے قیام کے بعد وزارت کے سپرد کر دیا گیا جو مسلسل کوآرڈینیشن، پولیو کے تدارک کے لئے ویکسینیشن اور دیگر آگاہی و تعلیم کے حوالے سے موثر کردار ادا کر رہی ہے۔

تمام صوبوں، وفاقی وزارتوں، وزارت داخلہ، مسلح افواج میں رابطہ کا کردار ادا کر رہی ہے تاکہ حفاظتی ویکسین پلانے کا عمل بلا روک ٹوک جاری رہے جبکہ وزیراعظم پولیو مانیٹرنگ سیل تکنیکی ادارے کے طور پر اپنا کام کر رہا ہے جو نیشنل ٹاسک فورس برائے پولیو کے خاتمہ، وزارت ہیلتھ سروسز اور وزیراعظم کے پولیو بارے فوکس گروپ کی معاونت فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :