نیوٹیک کا نوجوانوں کو وظائف کی ادائیگی کو آسان بنانے کیلئے یوفون کے ساتھ معاہدے پر دستخط

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:52

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے وزیراعظم کے فنی تربیت کے پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو وظائف کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لئے یوفون کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نیوٹیک اور یوفون کے درمیان معاہدے پر دستخط کرنے تقریب نیوٹیک ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ کے علاوہ یوفون کے صدر عبدالعزیز، یو بینک کے ہیڈ آف آپریشنز عمر وقار نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار احمد چیمہ نے توقع ظاہر کی کہ یو بینک کے ذریعے نوجوانوں کو ماہانہ وظائف بروقت پہنچنے سے ان کی تربیت میں دلچسپی اور حاضری میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں باہنر افرادی قوت میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے کورس میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کریں گے جن کی تعداد لاکھوں میں ہوگی اور تربیت مکمل کرنے والوں کو روزگار بھی یقینی بنایا جائے گا جس سے بے روزگاری اور غربت کا مسئلہ حل کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔