قبائلی علاقہ جات میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے تمام تراقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،سردارمہتاب

سیکورٹی فورسز اورقبائلی عوام کی قربانیوں کی بدولت ہم امن واستحکام کے نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں اور جامع منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی عمل شروع کیاجارہاہے باڑا بازار کو جدید خطوط پربحالی اور اس کی تعمیر کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں ٹاؤن سنٹر، فیملی پارک، ٹرانسپورٹ کی سہولیات، فوڈ سنٹر، جدید پارکنگ ، بس سٹینڈز، ویئرہاؤسز ، جدید ٹرانسپورٹ، ریسکیو کی سہولیات سمیت معیاری سہولیات میسرہوں گی ،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ قبائلی علاقہ جات میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور معاشی استحکام کیلئے تمام تراقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس سے نہ صرف پائیدار امن ممکن ہوگا بلکہ عسکریت پسندی کا بھی خاتمہ کیاجاسکے گا اور اسی ضمن میں تاریخی باڑہ بازار کو جدید خطوط پر بحال کیاجارہاہے جس سے خطے میں معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ سیکورٹی فورسز اورقبائلی عوام کی قربانیوں کی بدولت ہم امن واستحکام کے نئے دورمیں داخل ہورہے ہیں اور جامع منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی عمل شروع کیاجارہاہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ باڑہ بازار کو بہترانداز میں بحال کیاجائے اور جدید ٹاؤن سنٹرسمیت تمام ترسہولیات فراہم کی جائیں جس سے نہ صرف مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے بلکہ بہت جلد یہ خطہ دوبارہ تجارتی مرکز بن کر ابھرے گا۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں تاریخی باڑہ بازار کی بحالی کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹامحداسلم کمبوہ، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندرقیوم، کمشنرپشاور ڈاکٹر فخرعالم، پولیٹیکل ایجنٹ خیبرایجنسی شہاب الدین، چیف اکناموسٹ پی اینڈ ڈی اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔

اجلاس میں باڑہ بازار کی جدید خطوط پر بحالی اور موجودہ دور سے ہم آہنگ تمام تر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ بازار کو جدید خطوط پربحالی اور اس کی تعمیر کو حتمی شکل دیدی گئی ہے جس میں ٹاؤن سنٹر، فیملی پارک، ٹرانسپورٹ کی سہولیات، فوڈ سنٹر، جدید پارکنگ ، بس سٹینڈز، ویئرہاؤسز ، جدید ٹرانسپورٹ، ریسکیو کی سہولیات سمیت معیاری سہولیات میسرہوں گی تاکہ مقامی افراد کے ساتھ ساتھ ملک کے دور دراز علاقوں سے بھی لوگ یہاں کر خریداری کرسکیں۔

گورنرنے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازار کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے میں وسائل کی کمی کو اڑے نہ آنے دیا جائے اور موثراقدامات اٹھائے جائیں جس میں پارکنگ کی سہولیات، کشادہ سڑکیں ، فائربریگیڈ، ریسکیو، سمیت دیگر ضروریات کو بھی مدنظررکھاجائے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیاجاسکتا اور ان کے دکھوں کے ازالے کیلئے حکومت سنجیدہ ہے اورٹی ڈی پیز کی واپسی ، امن وامان اور تعمیر نو کے ساتھ ساتھ اس خطے میں کاروباری مواقع اورسرگرمیوں کو بھی فروغ دیاجارہاہے تاکہ قبائلی عوام کو اس کے حقیقی معنوں میں فوائد حاصل ہوسکیں۔

انہوں نے کہاکہ باڑہ بازار کی اپنی ایک تاریخی حیثیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ باڑہ میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے نہ صرف عسکریت پسندی کا خاتمہ ہوگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر گورنرنے کہاکہ باڑہ بازار کی بحالی اور ٹاؤن سنٹر کی جدید تعمیر کو تیز تر اور ہنگامی بنیادوں پرشروع کیاجائے تاکہ جلد ازجلد کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ممکن بنایاجاسکے۔