وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے بعد ودہولڈنگ ٹیکس کامعاملہ افہام و تفہیم سے حل جائے گا،آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن

جمعرات 8 اکتوبر 2015 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) کے صدر خواجہ ندیم سعید وائیں اور سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ نے بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کے سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی تاجروں سے مشاورت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ اب یہ معاملہ افہام و تفہیم سے سلجھ جائے گا اور تاجروں کو ہڑتال جیسے انتہائی اقدامات پر مجبور نہیں ہونا پڑے گا۔

ایک بیان میں خواجہ ندیم سعید وائیں اور خامس سعید بٹ نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ سنگین نوعیت اختیار کرتا جارہا تھا لیکن وزیراعلیٰ پنجاب کی بروقت مداخلت نے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچالیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد وفاق سے بات کرکے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرائیں کیونکہ اس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر یہ موقف اختیار کیا جارہا ہے کہ ودہولڈنگ ٹیکس نان فائلر پر عائد کیا گیا ہے لیکن متعلقہ ادارں کے پاس فائلر اور نان فائلر کے درمیان تفریق کرنے کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا نہیں ہے جس کی وجہ سے بینکوں نے فائلر اور نان فائلر کے درمیان تمیز کیے بغیر ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جو کسی طرح بھی درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ٹیکس ختم نہ کیا گیا تو تاجر بینکوں سے لین دین بالکل بند کردیں گے جس سے حکومت کو محاصل ملنے کے بجائے اْلٹا نقصان ہوگا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ یہ معاملہ جلد از جلد حل کرائیں تاکہ تاجر اطمینان کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔