دورہ امریکہ سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، یہ دونوں ملکوں مابین تعلقات میں معاون ثابت ہو گا،وزیراعظم نواز شریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

وزیراعظم نے دورہ امریکہ کیلئے چھوٹا طیارہ استعمال کرنے کا وزرا ء کا مشورہ قبول کرلیا، بوئنگ 777پر امریکہ نہیں جائینگے، ذرائع

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دورہ امریکہ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا،دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ وہ جمعرات کو یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ جس میں وزیراعظم کے آئندہ دورہ امریکہ کے حوالے سے غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، چوہدری نثار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا شیڈول اور ایجنڈا تیار کیا گیا ۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزراء نے وزیراعظم کو دورہ امریکہ کیلئے چھوٹا طیارہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا۔ وزیراعظم دورہ امریکہ کیلئے بوئنگ 777استعمال نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے ساتھ 18رکنی وفد امریکہ جائے گا۔ وزیراعظم 21اکتوبر کو واشنگٹن پہنچیں گے اور 22اکتوبر کو امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورہ امریکہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے، دورہ میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا، دورہ امریکہ میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جائے۔