خواتین گھریلو ورکرملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہیں‘حمیدہ وحید الدین

محکمہ ترقی خواتین آئی ایل او کے تعاون سے گھریلو ورکروں کو تربیت دے رہاہے‘ صوبائی وزیر ترقی خواتین

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ خواتین گھریلو ورکرملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔یہ با ت انہوں نے یہاں اپوا ایسوسی ایشن ہیڈ کوارٹر میں محکمہ ترقی خواتین پنجاب اورILOکے تعاون سے گھریلو ورکروں کی تربیت کے اختتام پر سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

وزیر برائے ترقی خواتین و خوراک بلوچستان میر ہزار حسین کھوسو نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ اپوا کی چیئرپرسن روحی سید ، ایگزیکٹو ممبران اور گھریلو ورکروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین آئی ایل او کے تعاون سے گھریلو ورکروں کو تربیت دے رہاہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے تحت خواتین کو کھانا پکانے اور گھریلو امور کی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

اب تک گھریلو ورکروں کے 4گروپس کو تربیت فراہم کرنے کے بعد ان کے لیے روزگار کا بندوبست بھی کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی ترقی کے لئے خواتین کو ہنر منداور تعلیم یافتہ بنانا بے حد ضروری ہے -وزیر برائے ترقی خواتین بلوچستان میر ہزار حسین کھوسو نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کی ترقی و فلاح و بہبود کے لئے مثالی اقدامات کئے ہیں- انہوں نے کہا کہ اگر گھریلو ورکروں کو سازگار ماحول اور مناسب اجرت ملے تو اس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور خواتین ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گی- میرہزار حسین کھوسو نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے خواتین کے تحفظ کے لئے متعدد بل منظور کئے ہیں ان میں وائلنس بل، ہراسمنٹ بل اور دیگر شامل ہیں- انہوں نے کہا کہ3 کروڑ روپے کی لاگت سے وویمن بزنس سنٹر قائم کیا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ملکی و معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں- چیئرمین اپواء نے تربیتی پروگرام اور اپوا ایسوسی ایشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی- بعد ازاں صوبائی وزیر نے تربیت مکمل کرنے والی گھریلو ورکروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے-