ایس ایچ اوکی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال پر محتسب پنجاب کا نوٹس ‘ آئی جی سے رپورٹ طلب

ملزمان کی سرپرستی ،مدعیان کو دھمکیاں، ایک سال گزر جانے کے باوجود ایف آئی آر درج نہ کرنے کاالزام ایس ایچ او نے رشوت لیکر سرکاری ڈیوٹی اوراعتکاف میں بیٹھے افراد کے خلاف جھوٹامقدمہ درج کرکے گرفتارکیا ڈی پی او بہاولپور اوراے ایس پی احمد پور شرقیہ حقائق سامنے آنے کے باوجود متاثرین کو انصاف دلانے میں ناکام رہے

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) محتسب پنجاب جاوید محمودنے تھانہ چنی گوٹھ ضلع بہاولپور کے ایس ایچ او کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال ، ملزمان کی سرپرستی کر کے مدعیان کو دھمکیاں دینے، ایک سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود وقوعہ کی ایف آئی آر درج نہ کرنے اور اعلیٰ حکام کو بار بار درخواست کے باوجود کارروائی نہ کئے جانے کی خبروں پر نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور ڈی پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی۔

ایک قومی روزنامے میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق تھانہ چنی گوٹھ ضلع بہاولپور میں بااثر افراد نے ایک غریب کاشتکار سیف اﷲ کی دھان کی فصل تباہ کر دی اور روکنے پر نہ صرف کاشتکار بلکہ اسے چھڑانے کیلئے آنے والوں کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا، گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں پر ظلم کیااور شدید فائرنگ اور لوٹ مار کی۔

(جاری ہے)

معززین علاقہ کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ چنی گوٹھ کو دی جانے والی درخواست اور بار بار تھانے کے چکر لگانے کے باوجود ملزمان کے خلاف ایک سال سے زائد عرصہ گذر جانے کے باوجودمقدمہ درج نہ کیا گیا۔

خبر کے مندراجات کے مطابق ایس ایچ او چنی گوٹھ شبیر احمد نے ملزمان سے ساز باز کر کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت لی اور متاثرین کے علاوہ ایسے افراد کے خلاف بھی ایک جھوٹا مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا جن میں سے کچھ سرکاری ڈیوٹی پر اور چند اعتکاف میں بیٹھے ہوئے تھے۔ متاثرین نے ڈی پی او بہاولپور اور آئی جی پنجاب کو متعدد درخواستیں دیں جن پر اے ایس پی احمد پور شرقیہ مہروز علی کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا لیکن حقائق سامنے آنے کے باوجود اے ایس پی احمد پور شرقیہ اور ڈی پی او بہاولپورمتاثرین کو انصاف دلانے،ایک سال سے زائد عرصہ گذرجانے کے باوجود ایف آئی آر درج کرنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے ایس ایچ او کے خلاف کارروائی میں ناکام رہے۔

محتسب پنجاب نے بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ڈی پی او بہاولپور سے 15دن کے اندر رپورٹ طلب کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :