معاشرتی رویوں میں بہتری کے لئے مائنڈ سیٹ کی تبدیلی ناگزیر ہے ‘ خلیل طاہر سندھو

ایسی پالیسیاں متعارف کی ضرورت ہے جس سے لوگوں میں حقوق کے تحفظ کے ساتھ انہیں اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہو‘وفاقی وزیر

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء )وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ کامران مائیکل اور وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق پنجاب خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ معاشرتی رویوں میں بہتری کے لئے مائنڈ سیٹ کی تبدیلی ناگزیر ہے - وہ یہاں علی انسٹی ٹیوٹ فیروز پور روڈ پر عالمی امن اور اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے’’ برگد‘‘ این جی او کے تعاون سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے- صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے تقریب میں وزیر اعلی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے حکومت کے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جانے والے اقدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی- کامران مائیکل اور خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی ، انفرادی اور معاشرتی ذمہ داری ہے کہ ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہوں- انہوں نے کہا کہ ہمیں مثبت رویوں کے لئے قومی سوچ کا فروغ نہایت ضروری ہے - انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب رواداری اور ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں- انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی پالیسیاں متعارف کروانی چاہیں جس میں لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ انہیں اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس ہو- تقریب میں حاضرین نے اس بات کا عہد کیا کہ بطور پاکستانی وہ امتیاز ات کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی کے لئے ملکر کام کریں گے-تقریب میں ایم این اے روبینہ سہیل اور خلیل جارج، ایم پی اے میری گل ، رمیش سنگھ اروڑہ، پیٹرجیکب اورصبیحہ شاہین نے بھی شرکت کی-