بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے ، امیدوار کمر کس لیں اپنی تیاریاں مکمل رکھیں ‘ گورنر پنجاب

کالا باغ ڈیم ضرور تعمیر ہونا چاہیے ، ڈیم کی تعمیر کے لئے قربانی کا جذبہ ذہن میں رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا ججوں کو ڈرانے ، دھمکانے اور ملزمان چھڑانے والے وکلاء کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی اچھی بات ہے ملکی معیشت کی بحالی‘ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کا فروغ بلاشبہ پاکستان کی موجودہ قیادت کا قابل ذکر کارنامہ ہے او رحکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ‘ ملک محمد رفیق رجوانہ کی گفتگو

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے ، امیدوار کمر کس لیں ،کالا باغ ڈیم ضرور تعمیر ہونا چاہیے ، ڈیم کی تعمیر کے لئے قربانی کا جذبہ ذہن میں رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا،ججوں کو ڈرانے ، دھمکانے اور ملزمان چھڑانے والے وکلاء کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی اچھی بات ہے۔

،ملکی معیشت کی بحالی‘ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کا فروغ بلاشبہ پاکستان کی موجودہ قیادت کا قابل ذکر کارنامہ ہے او رحکومت کی مدبرانہ اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ،وزیر اعظم محمد نواز شریف کی اقتصادی ٹیم نے معاشی سرگرمیوں کے لیے ایسا سازگار ماحول فراہم کر دیا ہے جس کے نتیجے میں غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں پنجاب بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین ملک غلام عباس نسوانہ کی سربراہی میں ضلع چنیوٹ اورتحصیل لالیہ بار کے وکلاء کے وفد اور بلجیم کے سفیر فریڈرک ورہیڈن سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ بلجیم کے سفیر فریڈرک ورہیڈن نے جرمنی کی مایہ ناز کمپنیوں کے سربراہان کے ہمراہ گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آئینی اداروں کا استحکام ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے وکلاء کا کردار ہمیشہ ہی مثبت رہا ہے ۔فراہمی انصاف کے عمل کو سہل اور تیز کرنے کے لیے بار اور بنچ کے درمیان جتنا بہتر تعاون ہو گا عوام کو اتنی ہی جلدی انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔انہو ں نے کہا کہ ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشن کو فنڈ ز کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اور اس میں موجود قانونی پیچیدگیو ں کو ختم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال بتدریج بہتر ہو رہی ہے ، کراچی آپریشن اور ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کے بعد پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ پرامن اور محفوظ ملک بن چکا ہے ۔گورنر پنجاب نے وفد کو چنیوٹ جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ بار ایسویسی ایشنز کو فنڈز کی فوری فراہمی میں قانونی رکاوٹ موجود ہے جسے دور کرنے کے لئے سفارشات بھجوا دی گئی ہیں۔

حکومت وکلاء کے تمام مسائل سے آگاہ ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جلد پنجاب کی ہر تحصیل بار کا دورہ کریں گے۔گورنر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم ملکی معیشت اور زراعت کی ترقی کے لئے نہائت ضروری ہے،کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لئے قربانی کا جذبہ ذہن میں رکھ کر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار کمر کس لیں اور اپنی تیاری مکمل رکھیں۔

رفیق رجوانہ نے کہا کہ معاشرے میں پولیس کی زیادتیوں اور اداروں کی کرپشن کے خلاف وکلاء اپنا کردار ادا کریں۔ججوں کو ڈرانے ،دھمکانے اور ملزمان چھڑانے والے بعض وکلاء کے فعل سے وکالت کا پیشہ بدنام ہو رہے ایسے وکلاء کے خلاف بار کونسل کی جانب سے قانون کے مطابق کی جانے والی کاروائی وقت کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی نوجوان تعلیم ، صحت ، سمیت مختلف شعبوں میں گراں قدر خدمات کے بعد اب تجارتی شعبے میں بھی اپنا لوہا منوا رہے ہیں اور آئی ٹی ، ڈیری ، اور دیگر شعبوں میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں -انہو ں نے کہا کہ بلجیم اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات خوش آئند ہیں تاہم دونوں ملکو ں کے درمیان تجارت کا حجم ابھی ناکافی ہے جس میں خاطر خواہ اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے-انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے تجارتی وفود کا تبادلہ ناگزیر ہے -گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان بلجیم کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن تعاون فراہم کرے گا اور بلجیم کے تاجروں کی طر ف سے پاکستان میں سرمایہ کاری سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی پاکستان منتقلی میں بھی مدد ملے گی - انہو ں نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول میں پاکستان کی حمایت پر وفد کا شکریہ ادا کیا اور توقع ظاہر کی کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی نظر ثانی کے عمل میں بھی بلجیم پاکستان کاساتھ دے گا-انہو ں نے بلجیم کے تاجروں کے وفد کی طرف سے لاہور اور کراچی دوروں کو خوش آئند قراردیا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے شعبے میں موجود امکانات کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔

بلجیم کے سفیر نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان معاشی لحاظ سے تیزی سے بڑھتا ہوا ملک ہے خصوصا پنجاب میں گذشتہ سات برسوں کے دوران ہونے والی معاشی ترقی وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے معاشی وژن کی عکاسی ہے۔