بھارت میں گائے ذبح کرنے پر مسلمانوں پر حملے پوری مسلم امہ کیلئے تشویش کا باعث ہے، بھارت جمہوری اور سیکولر ریاست ہونے کا دعویدار ہونے کے ناطے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے، پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ حل طلب مسائل کا پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے، دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی محمد خلیل الله کی پریس بریفنگ

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:04

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی محمد خلیل الله نے کہا ہے کہ بھارت میں گائے ذبح کرنے پر مسلمانوں پر حملے پوری مسلم امہ کیلئے تشویش کا باعث ہے، بھارت جمہوری اور سیکولر ریاست ہونے کا دعویدار ہونے کے ناطے مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ وہ اپنے مذہب اور ثقافت کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کر سکیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھارت کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت پر دی جانے والی تین دستاویزات کا مطلب انہیں اس صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔ پاکستان مسئلہ کشمیر سمیت تمام دیرینہ حل طلب مسائل کا پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے گائے کے ذبح کئے جانے پر مسلمانوں پر حملے سمجھ سے بالاتر اور باعث تشویش ہیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور پاکستان کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کو فروغ دینے کے حوالے سے بھارتی مداخلت کے دستاویزی شواہد پیش کرنے کا مقصد سیکریٹری جنرل بان کی مون کو صورتحال سے آگاہ کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں پیش کئے گئے چار نکات پر بھارت کو جلد یا بدیر دونوں ملکوں کے درمیان حالات کو معمول پر لانے کے لئے اس کی اہمیت کا ادراک کرنا ہوگا۔

پاکستان بھارت کے ساتھ پیشگی شرائط کے بغیر کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کا خواہشمند ہے۔ شیوسینا کی جانب سے معروف گلوکار غلام علی کے ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کی منسوخی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور توقع ظاہر کرتے ہیں کہ بھارت مستقبل میں ایسی ثقافتی سرگرمیوں کی اجازت دے گا جن سے ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے۔

جمعرات کو واہگہ بارڈر سے سمجھوتہ ایکسپریس کا داخلہ بھارتی حکام کی طرف سے روکے جانے کے حوالے سے آنے والی رپورٹس پر ترجمان نے کہا کہ وہ تمام تفصیلات جمع کرنے کے بعد ہی اس پر اپنا موقف دے سکتے ہیں۔ شام میں داعش پر روسی طیاروں کے حملے کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شام میں مسلسل خون خرابے پر تشویش کے حوالے سے اصولی موقف ہے تاہم پاکستان شام کی علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وہ پرامن کاوشوں اور شام کی سربراہی میں مسئلہ کے حل کے لئے تمام فریقین کے درمیان جامع مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کسی بھی قسم کے خلاف ہے اور وہ اپنی سرزمین پر اسلامک اسٹیٹ یا اس سے متعلقہ کسی گروپ کی موجودگی برداشت نہیں کرے گا۔ طالبان کے افغانستان میں حملے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستانی ایجنسیاں یا فورسز ان حملوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے افغانستان کی مدد کر رہا ہے اور وہ کابل کے ساتھ اعتماد میں اضافے کیلئے مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 30 لاکھ افغان مہاجرین 30 سال سے برادرانہ خیرسگالی کے تحت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مئی میں کابل میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گا۔ پاکستان یقین رکھتا ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام کے لئے دو ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون ضروری ہے۔ منیٰ سانحہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مکمل تعاون ملا ہے اور انہیں پورا اعتماد ہے کہ وہ حج کے امور منظم کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔