راولپنڈی آرٹس کونسل میں ڈرامہ ’ہائے رے ڈینگی‘ پیش کیا گیا

ڈینگی پرقابوپانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرمہم چلائی جا رہی ہے،راجہ حنیف ایڈوکیٹ

جمعرات 8 اکتوبر 2015 18:00

اسلام آباد ۔08 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) ڈینگی کے خاتمے کی مہم کے سلسلے میں راولپنڈی آرٹس کونسل میں سٹیج ڈرامہ ’ہائے رے ڈینگی‘ پیش کیا گیا جس کا مقصدعوام میں ڈینگی کے بارے میں آگاہی، روک تھام اورعلاج سے متعلق شعوربیدارکرنا تھا۔ ممبرپنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈوکیٹ ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمد کے ہمراہ اس موقع پرمہمانِ خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

ڈرامہ کی ہدایات رانا کاشف نے دی تھیں جبکہ فنکاروں میں امتیازعلی کاشف، امین شہزادہ، اُم ِرباب،عمرشیخ، لالی شاہ، شجاعت ہمایوں، حسن، فرح چوہدری، ملک پرویز اوررانا کاشف شامل تھے۔اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے راجہ حنیف ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ ڈینگی پرقابوپانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پرمہم چلائی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف روزانہ کی بنیادپرمہم اوراقدامات کا جائزہ لیتے ہیں۔ راجہ حنیف کا مزیدکہنا تھا کہ عوام کے بھرپورتعاون سے انٹی ڈینگی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ریذیڈنٹ ڈائریکٹروقاراحمدکا کہنا تھا کہ عوام میں ڈینگی سے متعلق آگاہی کے لیے ڈرامہ کا انعقادکیا گیا تاکہ یہ مہم موثرثابت ہوسکے۔