محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر کو بھائی چارے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی فضاء کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:52

رحیم یار خان ۔08 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اسسٹنٹ کمشنر رحیم یار خان ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران شرپسند عناصر کو بھائی چارے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کی فضاء کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قیام امن کے لئے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارہ اور امن و امان کا قیام ممبران امن کمیٹی کا طرہ امتیاز ہے جسے انتظامیہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحصیل امن کمیٹی رحیم یار خان، ڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کرائے گی اور محرم الحرام میں جلوس و مجالس کو طوالت دینے کے رجحان کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی اور اس کے لئے اہل تشیع برادری کی سرکردہ شخصیات ہمیشہ کی طرح اپنا تعاون فراہم کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شعلہ بیاں علماء کرام و ذاکرین کی آمد پر پابندی ہو گی اور نماز کے اوقات میں مساجد کے سامنے سے جلوس گزارنے سے اجتناب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا، وال چاکنگ، لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال ، پبلک ٹرانسپورٹ میں ٹیپ ریکارڈر کے استعمال اور اسلحہ کی نمائش پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے ٹی ایم او سردار نصیر احمد کو ہدایت کی کہ وہ یکم محرم سے قبل جلوس و مجالس کے تمام روٹس پر صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ سے مل کر امام بارگاہوں کے مسائل فوری حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران سے میٹنگ کرکے ان کے تحفظات بھی ختم کئے جائیں اور مشترکہ لائحہ عمل مرتب کیا جائے ۔ اس موقع پرانسپکٹر چوہدری محمد اشرف نے کہا کہ سیکورٹی پلان پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور جلوس و مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر میٹل ڈیٹیکٹر، واک تھروگیٹس، جیمرز سمیت سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اورمسلح پولیس افسران و جوان الرٹ رہتے ہوئے ڈیوٹی سر انجام دیں گے اور اس سلسلہ میں رضاکاران شہری دفاع بھی پولیس معاون ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سے جلد میٹنگ کر کے معاملات طے کر لئے جائیں گے۔ممبران تحصیل امن کمیٹی و رہنما تاجر برادری حاجی اکبر علی شاہین اور حاجی انور علی انصاری نے کہا کہ قیام امن کے لئے تاجر برادری نے ہمیشہ انتظامیہ کا ساتھ دیا اور اس موقع پر بھی ان کے شانہ بشانہ ہوں گے ۔ مذہبی رہنماؤں بابر زمان، آصف نقوی، مرتضی حیدر ودیگر نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا تاکہ عوام کے جان و مال اور قومی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ تمام منتظمین جلوس و مجالس اس بات پر متفق ہیں کہ مقررہ وقت سے قبل اپنی تقاریب اختتام پذیر کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :