کراچی کے تمام اضلاع میں پاسبان کے بلدیاتی امیدواروں نے کاغذات جمع کرادیئے

شہر مسائل کی دلدل میں دھنس چکا ، پاسبان کے بے لوث امیدوار دلدل سے نکالیں گے ، الطاف شکور

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی شہر مسائل کی دلدل میں بری طرح دھنس چکا ہے ۔ کراچی کی تقدیر کو بدلنے کیلئے بہادر مخلص اور کراچی کے مظلوم عوام کی بے لوث خدمت کرنے والے نمائندے ہی اس دلدل سے نکال سکتے ہیں۔پاسبان عوام کی خدمت کیلئے کراچی کے تمام اضلاع میں بہترین بلدیاتی لیڈر شپ میدان عمل میں اتار رہی ہے ۔

تمام اضلاع سے پاسبان کے امیدواروں نے اپنے فارم جمع کرادیئے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے پاسبان کے بلدیاتی امیداروں کو کامیابی سے ہمکنار کریں ۔ پاسبان کی جانب سے دیگر مخلص اور کراچی دوست امیدواروں کی حمایت کا اعلان بھی کردیا گیا ۔ وہ پاسبان سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں بلدیاتی امیدواروں اور عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے عبدالحاکم قائد ،طارق چاندی والا، شیخ محمد شکیل ، سردار ذوالفقار ، ظفر اقبال ، سید جاوید ملک ، اکرم آگریا، علی شیر ، عابد بلوچ ، امیر حسین ، اختر شاہ ، صدیق بلوچ ، علاؤ الدین ، ماما عباس ، محمد مرتضیٰ ، حامد اعوان ، امید علی قاضی ، مفتی سعید اﷲ بخاری، صادق ، حاجی اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ہمیشہ یر غمال رکھا گیا۔

بھتہ خوروں اور مافیاؤں نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا سبز باغ دکھا کر حقوق کے نام پر دھوکہ دیا گیا ۔ کراچی کے شہری عزت ، روزگار ، تعلیم ، صحت ، سمیت بجلی ، پانی ، دیگر بنیادی ضرورتوں سے پہلے بھی محروم تھے اور اب بھی یہی حال ہے ۔ شہر کی سوسائٹیز ہوں یا گنجان آبادیاں یہ سب ان گنت مسائل کا شکار ہیں۔ پاسبان نے کراچی کے تمام اضلاع میں بہترین بلدیاتی امیدوار تلاش کرکے عوام کی خدمت کیلئے پیش کردیئے ہیں جو شہر کی تقدیر کو سنواریں گے ۔ الطاف شکور نے مزید کہا کہ جن حلقوں میں پاسبا ن کے امیدوار موجود نہیں ہیں وہاں پاسبان دیگر مخلص اور بے لوث نمائندوں کی بھر پور حمایت کا اعلان کررہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :