کراچی ، 305عمارتیں خطرناک قرار ،خالی کرانے کا فیصلہ

ایس بی سی اے ترجیحی اقدامات کرے،آگاہی مہم شروع کی جا ئے، کمشنر کراچی کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی میں مخدوش عمارتوں کو خالی کرایا جا ئے گا۔ سندھ بلڈنگزکنٹرول اتھارٹی اس ضمن میں تمام ضروری اور قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کرے گی۔ اور مخدوش عمارتوں کے مکینوں کو مخدوش عمارتوں کی وجہ سے انھیں لاحق خطرات سے آگاہ کرے گی ۔

اس ضمن میں مخدوش عمارتوں سے لاحق خطرات کے بارے میں سندھ بلڈنگزکنٹرول اتھارٹی فوری طور پر آگاہی مہم شروع کرے گی۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے مخدوش عمارتوں کے شعبہ کے ڈائریکڑ آشکار داور (Aashkar Dawar)نے اجلاس میں کمشنر کراچی کو مخدوش عمارتوں کے بارے میں روپورٹ پیش کی جس میں۔ انھوں نے مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے سے متعلق ایس بی سی اے کی کوششوں اور کارروائی کے بارے میں تفصیلات سے کمشنر کراچی کو آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی سے کہا کہ وہ ہیری ٹیج ڈپارٹمنٹ اور انجنئیرنگ و آرٹیکٹکس کونسل کی مشاورت سے اقدامات کرے۔ اس بات کو یقینی بنائے کہ مکینوں کو مخدوش عمارتوں کے خطرات سے آگاہی ہو ۔ اس سلسلہ میں فوری طور پر آگاہی مہم شروع کی جائے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی انسانی زندگیوں کی حفاظت کے پیش نظر اس سلسلہ میں ترجیحی اقدامات کرے گی۔

بجلی پانی اور گیس سمیت یوٹیلٹی اداروں کا تعاون حا صل کرے گی اور عمارتوں کو خالی کرانے سے قبل یوٹیلٹی اداوں کو تحریری طور پر سہولتوں کو منقطع کر نے کے نوٹسز جاری کرنے کی درخواست کرے گی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ کراچی میں 305 عمارتوں کو مخدوش قرار دیا گیا ہے۔ ان عمارتوں کو تمام قانونی تقاضے پورے کر نے کے بعد خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :