ضلع لاہور کے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی سکولوں میں انرولمنٹ مہم جاری

بھٹہ مزدوروں کے آؤٹ آف سکول 275مزید بچوں کی قریبی سکولوں میں انرولمنٹ مکمل ‘سید حسنات جاوید

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے محکمہ لیبر لاہورکے ضلعی افسران کو ہدایت کی ہے کہ بھٹہ مزدوروں کے سکول جانے والی عمر کے تمام بچوں کی بھٹوں سے دو کلو میٹر حدود میں قائم سکولوں میں انرولمنٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کیا جائے اور پنجاب کو چائلڈ لیبر سے پاک صوبہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے یہ بات ڈسڑکٹ لیبر آفیسر لاہورسید حسنات جاوید اورمحکمہ لیبرکے دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈسڑکٹ لیبر آفیسر سید حسنات جاوید نے وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کو ضلع لاہور میں بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی قریبی سکولوں میں داخلہ مہم پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 275مزید بچوں کی ای ڈی او ، ڈی ڈی او ایجوکیشن اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران کے تعاون سے سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ کا کام مکمل کیا جاچکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انرولمنٹ کرائے جانے والے بچوں کا تعلق حمزہ برکس، شبیر برکس اور ماشاء الله برکس ملتان روڈ سے ہے جبکہ ان بچوں کو بھٹوں سے دو کلو میٹر کی حدود میں قائم گورنمنٹ پرائمری سکول ٹپہ صمد ملتان روڈ میں داخل کرایا گیاہے۔سید حسنات جاوید نے کہا کہ گزشتہ ماہ بھٹہ مزدوروں کے 28بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کر کے ضلع لاہور کے لیے اس مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ لیبر کی بھرپور کوشش ہے کہ ضلع لاہور کے بھٹہ مزدوروں کے سکول جانے والی عمر کے تمام بچوں کی سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ اس ماہ مکمل کرلی جائے تاکہ ان کے تعلیمی سلسلے کا آغاز ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کو مفت تعلیم ، کتابیں اور سکول بیگ محکمہ لیبر کی طرف سے فراہم کئے جارہے ہیں اور ڈسڑکٹ ویجیلنس کمیٹیاں موثر مانیٹرنگ کے ذریعے اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا یہ سلسلہ بلاتعطل جاری رہے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و دیگر فنانشل سپورٹ سکیموں کے ذریعے ایسے بچوں کے والدین کی مالی امداد بھی کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے تعلیمی سلسلے میں کو باقاعدگی سے جاری رکھیں۔

متعلقہ عنوان :