بینائی الله پاک کی ایک عظیم نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں بطور بینا ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے ‘سید ہارون احمد سلطان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سید ہارون احمد سلطان بخاری نے عالمی یوم بصارت کے موقع پر ایک فری آئی کیمپ میں سول سوسائٹی کے نمائندگان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینائی الله پاک کی ایک عظیم نعمت ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں بطور بینا ہمیں اس کی حفاظت کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بصارت کی اہمیت وہی جانتا ہے جو اسے گنوا بیٹھا ہو۔

(جاری ہے)

ہارون احمد سلطان بخاری نے کہا کہ عالمی یوم بصارت کا مقصد عوامی سطح پر بصری صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو کمزور بینائی اور اندھے پن کی وجوہات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرناہے۔ صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر نے بتایا کہ دنیا بھر میں بصری امراض کا شکار ہونے والے 80فیصد افراد کا تعلق کم آمدنی والے پسماند علاقوں سے ہے جہاں بصری صحت سے متعلق معلومات اور علاج معالجہ کا فقدان ہے اس لیے اس سال حکومت پنجاب نے ایسے علاقوں میں ابتدائی طبی امداد اور معلومات کی رسائی کو ممکن بنانے کے لیے فری آئی کیمپس کا اہتمام کیاہے۔