پاک چین اقتصادی راہداری روٹ میں رد و بدل کسی صورت قبول نہیں،میاں جمشید الدین

وفاق نے پاک چین اقتصادی راہداری روٹ میں رد و بدل کر دی توصوبہ پختونخوا کے عوام سراپا احتجاج ہونگے ‘وزیرایکسائز خیبرپختونخوا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسشین اور نارکاٹیکس کنٹرول میاں جمشید الدین کاکا خیل نے کہا ہے کہ اگر وفاق نے پاک چین اقتصادی راہداری روٹ میں رد و بدل کر دی توصوبہ پختونخوا کے عوام سراپا احتجاج ہونگے اور وفاقی حکومت 28مئی کے آل پاکستان سیاسی جماعتوں کی کانفرنس کے فیصلوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہو گی۔

اس سنگین مسئلے پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں وفاقی حکومت کی آمرانہ سوچ کے خلاف ہو کر پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینگی کیونکہ پاکستان صرف پنجاب کا نام نہیں بلکہ پانچ صوبوں کی اکائی کا نام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ بھارت اور افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات نہایت کشید ہ ہیں اوردونوں ممالک ہر وقت ہمیں جنگ کی دھمکیاں دیتے ہیں جو کہ قابل فکر ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاق اندرون ملک سیاسی افراتفری پید ا کرنے کیلئے ہر روز نئے شوشے چھوڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت ناتجربہ کار وزراء خواجہ آصف، سعد رفیق اور عابد شیر علی کی بچگانہ حرکتوں، انتحابی مہم میں حصہ لینے اور پی ٹی آئی قائدین پر بے جا الزامات اور نازیبا کلمات کانوٹس لیں اور انہیں ضابطہ اخلاق کا درس دیں، ورنہ ہمارے کارکن اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیر ایکسائز نے کہا کہ مرکزی حکومت کا کوئی ایجنڈا نہیں صرف ذاتی ایجنڈے اور کاروبار کو وسعت دینے کیلئے کام کر رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس قائد تحریک انصاف عمران خان اور صوبائی قائد پرویز خٹک عوامی حقوق اور ملک کو مستحکم کرنے کیلئے نتیجہ خیز عملی جدوجہد کرنے میں مصروف ہیں۔پاکستان تحریک انصاف پاک وطن سے کرپشن کے خاتمے اور صاف و شفاف نظام متعارف کرانے کا عزم کئے ہوئے ہیں کیونکہ سیاسی مگرمچھوں نے ملک میں قو م پر انصاف کا نظا م نہیں بلکہ ظلم و بربریت کا نظام مسلط کیا ہے۔