این اے 122ضمنی انتخاب،(ن) لیگ ‘پی ٹی آئی(آج)اپنی اپنی سیاسی قوت دکھائیں گی ،تیاریاں مکمل

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)حلقہ این اے 122ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف آج ( جمعہ ) کو اپنی اپنی سیاست قوت دکھائیں گی جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔(ن) لیگ سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ جبکہ پی ٹی آئی مزنگ قرطبہ چوک میں سیاسی جلسے منعقد کرے گی جس سے دونوں جماعتوں کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی ۔

دونوں جماعتوں کے منتظمین کی طرف سے جلسوں کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کاوشیں کی گئی ہیں جبکہ ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی اور (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کرنے والی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کوبھی دعوت دی گئی جنہوں نے جنہوں نے اپنے کارکنوں سمیت بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرا دی ۔ پی ٹی آئی کے مزنگ قرطبہ چوک میں منعقدہ جلسے میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ، شاہ محمود قریشی ، جہانگیر خان ترین اور حلقے سے امیدوار عبد العلیم خان سمیت دیگر قائدین شریک ہوں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سمن آباد ڈونگی گراؤنڈ میں منعقد کئے جانے والے جلسے سے وزیر اعلیٰ کے صاحبزادے و رکن اسمبلی حمزہ شہباز شہباز شریف ، این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق اور وفاقی وزراء خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے دونوں جماعتوں کے جلسوں کے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور اعلیٰ افسران کی نگرانی میں سینکڑوں اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے۔ جلسوں کے دوران ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک وارڈنز کو بھی ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں ۔