پاک فضائیہ کے سربراہ کی امریکی ہم منصب سے ملاقات ،دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت

جمعرات 8 اکتوبر 2015 17:02

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پینٹا گون ، (واشنگٹن ڈی سی) میں امریکی فضائیہ کے ہیڈ کوارٹر میں امریکی فضائیہ کے سربراہ جنرل مارک اے ویلش سوئم سے ملاقات کی۔ دونوں ائیرچیفس نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔ ائیر چیف نے آپریشن ضربِ عضب میں پاکستان کی مسلح افواج اور پاک فضائیہ کے کلیدی کردارپر روشنی ڈالی۔

ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ائیر چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ائیر چیف نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات خطے میں امن و سلامتی کے ضامن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں، جدید ہتھیاروں اور دیگر جدید آلات میں بہتری اور وسعت کی ضرورت کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی مشقوں کے انعقاد پر زور دیا تاکہ دونوں افواج ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں۔ ملاقات کے دوران ائیر چیف نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون کرنے پر اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل مارک اے ویلش سوئم نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسکے کلیدی کر دار کو سراہا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں ۔ اس دورے کو دوران آپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی امریکہ کے شرکاء سے بھی خطاب کریں گے۔