برادراسلامی ملک ترکی اورپاکستان کے مابین معاشی و تجارتی تعاون بڑھ رہا ہے،ترک کمپنیوں کیساتھ بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کی دوستی کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے ،ترک سرمایہ کاروں کی اربن ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے ،وزیراعلیٰ شہبازشریفسے ترک سرمایہ کاروں کے وفدکی ملاقات، اربن ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 16:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ترک سرمایہ کاروں کے وفدنے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں ٹرانسپورٹ اورانفراسٹرکچرکے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔ترک سرمایہ کاروں نے اربن ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ترک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے مابین گہرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

دونوں ممالک تاریخی،تہذیبی اورثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت ترکی ہمیشہ اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ برادراسلامی ملک ترکی اورپاکستان کے مابین معاشی و تجارتی تعاون بڑھ رہا ہے ۔

(جاری ہے)

مشکل حالات میں ترکی کا تعاون قابل ستائش ہے ۔ترک کمپنیوں کیساتھ بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کی دوستی کے رشتے کو مضبوط بنا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کی اربن ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔خواجہ احمد حسان،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،کمشنرلاہور ڈویژن اور ڈی سی او لاہورکے علاوہ متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ترک سرمایہ کا روں کے وفد کی قیادت کیمپاک گروپ کے چےئرمین عبدالقادر کررہے تھے ۔