تحریک انصاف کا موقف مسترد ‘ کسی بھی سیاسی جماعت کے فنڈز کے معاملات الیکشن کمیشن میں قابل سماعت ہیں ‘الیکشن کمیشن

جمعرات 8 اکتوبر 2015 16:33

تحریک انصاف کا موقف مسترد ‘ کسی بھی سیاسی جماعت کے فنڈز کے معاملات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے موقف کومسترد کر تے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے فنڈز کے معاملات الیکشن کمیشن میں قابل سماعت ہیں ‘10 نومبر سے کیس کی باضابطہ سماعت کریں گے۔جمعرات کو یہاں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں فل بینچ نے تحریک انصاف فنڈز خرد برد کیس میں پچھلی سماعت پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا فیصلہ میں کہا گیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے فنڈز کے معاملات الیکشن کمیشن میں قابل سماعت ہیں اور کمیشن کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سیاسی جماعت کو ملنے والے فنڈز کے حوالے سے لگنے والے الزامات کی چھان بین کرے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 10 نومبر سے کیس کی باضابطہ سماعت کریں گے۔

(جاری ہے)

ادھر اکبر ایس بابر کے مطابق وہ سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور کی طرف سے امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کرنے کا چیلنج قبول کرتے ہیں۔ اب تحریک انصاف کی غیر قانونی فنڈنگ کا ایک کیس امریکی عدالت میں بھی دائر کیا جائیگا۔تحریک انصاف کے سیکرٹری فنانس سردار اظہر نے کہاکہ ان کی جماعت پر غیر قانونی فنڈنگ کا الزام بے بنیاد ہے ‘ پراپیگنڈے کے ذریعے بغض نکالا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم الیکشن کمیشن کے فیصلے کا جائزہ لے کر 10 نومبر کو بھرپور جواب دیگی۔