Live Updates

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ملنے والے فنڈز میں خرد برد کی تحقیقات کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی

جمعرات 8 اکتوبر 2015 15:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو ملنے والے فنڈز میں خرد برد کی تحقیقات کے لئے دائر درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی ہے۔جمعرات کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پی ٹی آئی کو ملنے والے فنڈز میں خرد برد کی تحقیقات دائر درخواست کی سماعت ہوئی ،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے پی ٹی آئی پارٹی فنڈز میں خرد برد کے حوالے سے محفوظ فیصلے کو سناتے ہوئے تحریک انصاف کے اعتراضات کو مسترد کر دیا اور معاملے کی جانچ پڑتال سے متعلق درخواست کو قابل سماعت قرار دے دیا۔

چیف الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو سیاسی جماعتوں کے مالی معاملات اور فنڈز کی جانچ پڑتال کا اختیار حاصل ہے۔

(جاری ہے)

درخواست کی باقاعدہ سماعت 10 نومبر سے کی جائے ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہم نے جوثبوت الیکشن کمیشن میں جمع کرائے ان کی جانچ پڑتال ہوگی، پارٹی فنڈز میں خردبردکے معاملے پر وہ امریکی عدالت بھی جائیں گے۔

اس موقع پر اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن شاہ نے کہا کہ پارٹی میں فنڈز کی چھان بین الیکشن کمیشن کاحق ہے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی سے یکم اپریل کو ریکارڈ مانگا جو نہیں دیا گیا، اب تحریک انصاف کو ملنے والے غیر قانونی پیسے کی تحقیقات ہوں گی۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کے سابق نائب صدر اکبر ایس بابر نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے پارٹی فنڈز میں بڑے پیمانے پر خرد برد کی، جس کی تحقیقات کرائی جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات