اسلام آباد ہائی کورٹ ؛ وزیر اعظم کے کسان پیکج کی معطلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر کیس میں چیئرمین و سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس سے جواب طلب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کے کسان پیکج کی معطلی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف دائر کیس میں چیئرمین الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے اٹارنی جنرل آف پاکستان سلمان بٹ نے عدالت میں پیش ہو کر موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم کے کسان پیکج پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں جبکہ کسان پیکج کا بلدیاتی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کے تحت بلدیاتی الیکشن کو روک دیا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے پوچھا کہ مل مالکان عوام کا خون چوس رہے ہیں اس سلسلے میں آپ نے کیا کیا ہے ؟سلمان بٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دے ۔

عدالت نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کو سنے بغیر حکم امتناعی جاری نہیں کر سکتے ۔بعدازاں عدالت نے چیئرمین الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے ۔ آئندہ سماعت 13 اکتوبر ہو گی ۔ واضح رہے کہ درخواست وزارت فوڈ اینڈ سیکورٹی نے دائر کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :