سپریم کورٹ نے زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈتشکیل دینے کا حکم دے دیا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے رینجرز کے پاس قید سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈتشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے اور یہ بھی ہدایت کی ہے کہ میڈیکل بورڈکو چوبیس گھنٹوں میں ڈاکٹر عاصم تک رسائی بھی دی جائے ۔ عدالت نے یہ حکم وفاقی حکومت کو جاری کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس سرمد جلال عثمانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جمعرات کے روز آرڈر جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ طبی معائنے کے بعد پتہ چل جائے گا کہ ڈاکٹر عاصم کا اصل مسئلہ کیا ہے کسی کو بھی طبی سہولیات کی فراہمی سے نہیں روکا جاسکتا ۔

عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے اہلخانہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کو عارضہ قلب لاحق ہے اور بھی مسائل ہیں انہیں ہسپتال سے رینجرز نے اپنے پاس منتقل کرالیا تھا ہم چاہتے ہیں کہ ان کا طبی معائنہ کرایا جائے اوراس حوالے سے میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دیا جائے اس پر عدالت نے ڈاکٹر عاصم کے طبی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے اور ساتھ یہ بھی ہدایت کی ہے کہ چوبیس گھنٹوں میں اس میڈیکل بورڈ کو ڈاکٹر عاصم تک رسائی دی جائے