عدالت کے حکم کے مطابق ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں،سپریم کورٹ نے معاملہ نمٹادیا

جمعرات 8 اکتوبر 2015 15:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات بارے معاملہ نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ عدالت کے حکم کے مطابق ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں اس پر الیکشن کمیشن نے بھی عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات تیس نومبر کو ہی ہونگے اس حوالے سے تیرہ اکتوبر کے بعد باقاعدہ شیڈول بھی جاری کردیا جائے گا یہ یقین دہانی الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری اور ان کے وکیل نے جسٹس اعجاز افضل خان کی سربراہی میں سماعت کرنے والے دو رکنی بینچ کو جمعرات کے روز کرائی ہے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ حد بندیاں تیرہ اکتوبر تک مکمل کرلی جائینگی اوراس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کردیا جائے گا اس پر عدالت نے کہا کہ جو تاریخ دی گئی تھی کیا اسی پر انتخابات کرائے جارہے ہیں تو اس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ یہاں عدالت نے جو تیس نومبر کی تاریخ دی تھی اسی پر انتخابات کرائے جائینگے جیسے ہی حد بندیاں مکمل ہونگیں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائے گا یقین دہانی کراتے ہیں کہ تیرہ نومبر کے بعد شیڈول جاری کرینگے اس پر عدالت نے درخواست نمٹا دی ۔