پنجاب سروس ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور کی سفارش پر جبری ریٹائرڈ کئے جانے والے رائیونڈ سٹی سکول کے ہیڈ ماسٹر کوعہدے پر بحال کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب اور سیکرٹری سکولز کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 8 اکتوبر 2015 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پنجاب سروس ٹربیونل کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔رائیونڈ سٹی سکول کے ہیڈ ماسٹر سید ظفر علی نے عدالت کو بتایا کہ سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور نے سکول سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے سکول اساتذہ کے خلاف کاروائی کرنے پر انہیں اپنے عہدے سے جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیر کی غیر منصفانہ کاروائی کی سیکرٹری سکولز اور وزیر اعلی پنجاب نے بھی توثیق کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شفاف ٹرائل کا حق دئیے بغیر نوکری سے برطرف کیا جانا غیر قانونی اقدام ہے۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سید ظفر علی ہیڈ ماسٹر کو سماعت کا موقع دے کر قانون کے مطابق عہدے سے ریٹائرڈ کیا گیا تھا۔تاہم پنجاب سروس ٹربیونل کے جج جوادالحسن نے فریقین کے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور کی سفارش پر جبری ریٹائرڈ کئے جانے والے رائیونڈ سٹی سکول کے ہیڈ ماسٹر کوعہدے پر بحال کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب اور سیکرٹری سکولز کے احکامات کو کالعدم قرار دے دیا۔

متعلقہ عنوان :