Live Updates

الیکشن کمیشن ، تحریک انصا ف کے فنڈز میں بے ضابطگیوں اور غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت نہ کرنے کے موقف کو مستردکردیا

کیس کی باقاعدہ سماعت 10نومبر کو ہوگی‘ اکبر ایس بابر کاغیر ملکی فنڈنگ سے متعلق امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں درخواست دائر کرنے کا اعلان

جمعرات 8 اکتوبر 2015 12:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے فنڈز میں بے ضابطگیوں اور غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق اکبر ایس بابر کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی‘ چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے موقف کہ الیکشن کمیشن درخواست کی سماعت نہیں کرسکتا کو مسترد کردیا‘ کیس کی باقاعدہ سماعت 10نومبر کو ہوگی‘ اکبر ایس بابر نے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں بھی درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی صدارت میں تحریک انصاف کے فنڈز میں بے ضابطگیوں اور غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے فنڈز میں بے ضابطگیوں سے متعلق درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی اور تحریک انصاف کے اس موقف کو مسترد کردیا کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف اس درخواست کی سماعت کا اختیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی میں مالی بے ضابطگیوں اور غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق درخواست کی سماعت کرسکتا ہے۔ پی ٹی آئی فنڈ کیس کی باقاعدہ سماعت 10نومبر کو ہوگی۔ تحریک انصاف کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں موقف دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اس درخواست کی سماعت نہیں کرسکتا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر نے پارٹی فنڈز میں بے ضابطگیوں اور غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لئے درخواست دائر کی تھی۔

سماعت کے بعد الیکشن کمیشن دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہمارے جمع کرائے گئے ثبوتوں کی جانچ پڑتال کرے گا امریکہ کے ڈیپارٹمنٹ آف جسٹس میں بھی درخواست دائر کرونگا تحریک انصاف کو امریکی کمپنی نے پانچ سو ڈالر دیئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے وکیل نے بیرونی فنڈنگ کو مسترد کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ فیصلے کے بعد اس پر ردعمل دینگے۔ پی ٹی آئی کی فنڈنگ اپنے ممبرز کی طرف سے ہے بیرونی فنڈنگ کے الزامات جھوٹ پر مبنی ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات