مری معاہدہ ایک حقیقت،صوبہ کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عملدرآمد ناگزیر ہے،صوبائی وزراء و ایم پی ایز

بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے ثناء اﷲ خان زہری کی سیاسی بصیرت سے استعفادہ حاصل کیاجائے،جان محمد جمالی ، احمد علی و دیگر کا اظہار خیال

بدھ 7 اکتوبر 2015 23:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے کہا ہے کہ مری معاہدہ ایک حقیقت ہے جس پر صوبہ کی سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عملدرآمد ناگزیر ہے بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ضروری ہے کہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ خان زہری کی سیاسی بصیرت سے استعفادہ حاصل کیاجائے سابق اسپیکر رکن صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی نے کہا کہ مری معاہدے پر عملدرآمد صوبہ میں جمہوری استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے میں سمجھتا ہوں کہ نہ صرف مری معاہدے پر عملدرآمد میں وزیراعلیٰ کی تبدیلی کیساتھ ساتھ جو وزارتیں اس وقت پشتونخواملی عوامی پارٹی اور نیشنل پارٹی کے پاس ہیں انہیں بھی مسلم لیگ گروپ کو دیا جائے اور جو مسلم لیگ گروپ کے پاس وزارتیں ہیں وہ ان اتحادیوں کو دی جائیں تاکہ نہ صرف ایک مثبت تبدیلی آئے بلکہ محکموں کو بہتری کی جانب گامزن کرنے میں معاونت حاصل ہو سکے اور اگر ایسا کرنے سے گریز کیا جاتا ہے تو یہ بڑی تبدیلی کا باعث نہیں بنے گی انہوں نے کہا کہ مری معاہدے پر عملدرآمد ہو گا تو اعتماد کی فضاء کو فروغ حاصل ہوگا بلوچستان میں ہمیشہ سے مخلوط حکومتیں برسراقتدار رہیں جس میں سب سے اہمیت کا حامل اعتماد کا امر ہے اور اگر اعتماد کے فقدان کا سامنا کرنا پڑا تو اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا ہم سمجھتے ہیں کہ مری معاہدے پر عملدرآمد جمہوری استحکام کیلئے ضروری ہے رکن صوبائی اسمبلی پرنس احمد علی نے کہا کہ مری معاہدہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی و صوبائی قیادت نے صوبہ کے وسیع تر مفاد میں کیا تھا کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کے معاہدہ حالات میں سیاسی و جمہوری استحکام کو فروغ دینا ضروری ہے ہمارے پارلیمانی لیڈر چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد صوبہ میں قوم پرست جماعتوں کو حکومت بنانے پر رضامندی ظاہر کی اور آج مری معاہدے کے تحت ان کا وقت پورا ہورہا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جس طرح صوبہ کے مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے ہماری مرکزی و صوبائی قیادت نے اقدامات کئے اب بھی انہی مفادات کو مدنظررکھتے ہوئے مری معاہدے پرعملدرآمد کیا جائے گا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام اراکین اسمبلی اپنی قیادت پر مکمل اعتمادکا اظہار کرتے ہوئے متحد ہیں اورہم سمجھتے ہیں کہ ہماری پارٹی کے قائد میاں محمد نوازشریف اس فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے چیف آف جھالاوان نواب ثناء اﷲ زہری کو وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز کریں گے رکن اسمبلی میر عامر رند نے کہا کہ ہم اپنے پارلیمانی لیڈر نواب ثناء اﷲ خان زہری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورہم سمجھتے ہیں کہ جمہوری طرز سیاست میں سیاسی جماعتوں کے مابین ہونے والے معاہدات سیاسی جمہوری سیاست کو استحکام بخشتے ہیں ہماری جماعت نے سیاسی تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے مری معاہدے پر عملدرآمد کیا اور اب وقت آچکا ہے کہ ہمارے اتحادی بھی سیاسی جمہوری تقاضوں کو مدنظررکھتے ہوئے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں مری معاہدے کے تحت جو بھی فیصلے ہونگے ہم اس کے پابند ہیں اورہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی واضح پالیسیوں کر عمل پیرا رہتے ہوئے اقدامات اٹھائے گی۔