`صوبائی فنانس کمیشن کیلئے ناظمین کا انتخاب جمعہ کو ہو گا

سیکرٹری بلدیات ریٹرننگ افسر مقرر۔ انتخاب سینئر وزیر عنایت اللہ خانکی زیرنگرانی ہوگا۔ اعلامیہ جاری ہو گیا`

بدھ 7 اکتوبر 2015 23:09

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء)خیبر پختونخوا حکومت نے صوبائی فنانس کمیشن کیلئے چار ناظمین کے چناؤ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے یہ انتخاب جمعہ 9اکتوبر کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں ہو گا جس کیلئے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی سید جلال الدین شاہ کو ریٹرننگ افسر مقرر کر دیا گیا ہے جبک سینئر وزیر عنایت اللہ خان انتخابی عمل کے نگران ہونگے اس مقصد کیلئے وضع کردہ نئے فارمولے کے تحت چار منتخب ممبران کمیشن میں ناظمین کی نمائندگی کرینگے جن میں دو ضلع اور دو تحصیل ناظمین ہونگے انتخاب کیلئے کوہستان اور بنوں کے سوا تمام ضلع اور تحصیل ناظمین کو مقررہ تاریخ پر پشاور طلب کیا گیا ہے پروگرام کے مطابق صوبائی فنانس کمیشن میں نمائندگی کیلئے 9اکتوبر کو ڈسٹرکٹ کونسل ہال پشاور میں ضلع ناظمین کی طرف سے کاغذات نامزدگی صبح دس تا گیارہ بجے داخل کرائے جا سکتے ہیں جس کے بعد اسی روز ساڑھے گیارہ تا ساڑھے بارہ بجے تک انکے دو نمائندوں کا چناؤ ہو گا اسی طرح اگلے مرحلے میں اسی روز اسی مقام پر تحصیل اور ٹاؤن ناظمین کی طرف سے دو نمائندوں کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی دوپہر دو تا تین بجے داخل کرائے جا سکتے ہیں جس کے بعدسہ پہر ساڑھے تین بجے سے ساڑھے چار بجے کے دوران انکے دو نمائندوں کا انتخاب مکمل ہو گا اس مقصد کیلئے تفصیلی طریقہ کار اور ہدایات کا اعلان ریٹرننگ افسر کی طرف سے انتخابی عمل شروع ہونے کے موقع پر کیا جائے گا۔