صدر پاکستان تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ساوتھ کامران رضا نے لیاری کی تمام یونین کونسلز میں جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی اور لیاری سمیت کراچی میں ترقی،امن وخوشحالی کی ضامن ہے،امیر جماعت اسلامی سید عبدالرشید

بدھ 7 اکتوبر 2015 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ساوتھ کے رہنماوں نے وفد کی صورت میں امیر جماعت اسلامی لیاری سید عبد الرشید ،نائب امیر جان محمد سے ملاقات کی۔دوران ملاقات تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ساوتھ کے صدر کامران رضا ،صدر لیاری ٹاون فیصل افغانی،نائب صدر لیاری محمد عارف،سینئر نائب صدر عبدالرحیم ،نائب صدر پی ایس 109محمد عرفان،جنرل سیکریٹری پی ایس 109شیراز خان،صدر پی ایس111محمد راشد،جنرل سیکریٹری پی ایس 111کامران خان سمیت پی ٹی آئی کے مقامی رہنماوں حنیف زئی،عبدالشکور،الطاف،غلام محمد،محمد ارشد،محمد زاہد،آصف بلوچ،آفتاب،نور جمعہ سمیت دیگر نے لیاری کی تمام یونین کونسلز میں جماعت اسلامی کے نامزد کردہ امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اس موقع پر صدر پی ٹی آئی ڈسٹرکٹ ساوتھ کامران رضا نے کہا کہ تبدیلی اور انصاف کے نام پر تحریک انصاف کا حصہ بنے لیکن تحریک انصاف اپنے نظریاتی کارکنوں کیساتھ انصاف نہ کرسکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا ماحول بنتے ہی تحریک انصاف سے مخلص کارکنوں کو نظر انداز کر کے موسمی سیاسی بازیگروں کو ٹکٹ جاری کردیا گیا۔کامران رضا نے کہاکہ تحریک انصاف کا ٹکٹ ان بدعنوانوں کو جاری کئے گئے جو پیپلزپارٹی کے فعال ذمے دار اور ماضی میں پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑتے رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر بدعنوان اور نااہل لوگوں کو تحریک انصاف میں نوازا جارہاہے وہ اور انکی ٹیم اس کی شدید مذمت کر تی ہے۔انہوں نے کہاکہ لیاری اور کراچی کی ترقی وخوشحالی اور امن کیلئے جماعت اسلامی کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جہاں باکردار،دیانت دار اور شرافت واہلیت کے معیار پر امیدوار انتخابی میدان میں اتارے جاتے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنماوں نے کہاکہ یہی وجہ ہے وہ تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ساوتھ اور لیاری کے کارکنوں سمیت جماعت اسلامی کے تمام امیدواروں کی حمایت کا اعلان کررہے ہیں۔کامران رضا اور دیگر رہنماوں نے جماعت اسلامی بہارکالونی،آگرہ تاج،کلری دریا آباد، موسی لین،بغدادی،گلستان کالونی،ہزارہ کالونی رانگی واڑہ،سنگولین اور نوالین میں جماعت اسلامی کے تما م نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔